• news

طاہر اشرفی کی ملاقات: او آئی سی اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی گونج سنائی دیتی رہی‘ شاہ محمود

اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس اور اس کے ثمرات کے حوالے سے تبادلہ  خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے اسے مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل  کے لیے سب سے اہم اور موزوں فورم سمجھتا ہے۔ بھارت کی خواہش اور کوشش کے باوجود او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی گونج سنائی دیتی رہی۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں "کشمیر کے حوالے سے قرارداد" کی منظوری کشمیری عوام اور پاکستان کے اصولی موقف کی فتح ہے۔ جس پر اسلامی تعاون تنظیم کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر میری بہت سے اسلامی ممالک  کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں بھی ہم نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے معاملے کو اٹھایا۔ آئندہ بھی ہر فورم پرکشمیریوں  کے جائز حق "حق خود ارادیت" کا  مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ہماری قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور مسلم ممالک کی جانب سے ہمارے موقف کو پذیرائی حاصل ہوئی۔  حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کشمیر اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں قراردادوں کا متفقہ طور پر منظور ہونا پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی ہے۔  حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے موثر سفارتی کاوشیں بروئے کار لانے اور کشمیریوں کا مقدمہ او آئی سی سمیت اہم عالمی فورمز پر بہترین انداز میں لڑنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ برادر اسلامی ممالک اور او آئی سی کے ممبران کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے یہاں آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کی۔ پاکستان علما کونسل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات، عالم اسلام کی صورتحال اور آذربائیجان کی آرمی کی طرف سے آذربائیجان کے علاقوں کی واپسی پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء حافظ طاہر محمود اشرفی نے متحدہ عرب امارات کو اس کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کو قومی دن کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پاکستان اور امارات کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن