عوام پی ٹی وی پر ترک ڈرامہ یونس ایمرے ضرور دیکھیں: وزیراعظم آج گلگت جائیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں پی ٹی وی پر نشر ہونے والا ترک ڈرامہ سیریل یونس ایمرے دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام پی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل یونس ایمرے ضرور دیکھیں۔وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور، ملک امین اسلم، تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ نیازی ہوں گے۔ وزیراعظم گلگت بلتستان کابینہ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان خطاب بھی کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ جی بی، گورنر اور کابینہ ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم گورنر ہاؤس میں جی بی میں بلند ترین نیشنل پارکس کا افتتاح کریں گے۔ادھر وزیراعلی خالد خورشید کی کابینہ کے ناموں اور وزارتوں کا اعلان کردیاگیا ہے جس کے مطابق کرنل ر عبید اللہ بیگ سینیئر وزیر، راجہ زکریا کو وزیر جنگلات، فتح اللہ خان منسٹر پلانننگ و انفارمیشن، شمش لون وزیر خوراک، مشتاق حسین کو پانی و بجلی، راجہ ناصر وزیر سیاحت، راجہ اعظم وزیر تعلیم، حاجی گلبر وزیر صحت، وزیر سلیم منسٹر ورکس، میثم کاظم وزیر زراعت اور شاہ بیگ وزیر ایکسائز، زکوۃ و عشر ہوں گے جبکہ سید سہیل عباس کو مشیر مائن و منرلز اور شمس لون کو ایڈوائزر خوراک مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح الیاس صدیقی کو منرل، محبوب خان کو لائیو سٹاک و فشریز اور حیدر خان کو بہبود آبادی کے محکموں کیلئے خصوصی معاونین مقرر کرنے کے ساتھ نوشاد عالم کوآرڈینیٹر برائے ساشل ویلفیئر اور شمس الدین کو وومن ڈویلپمنٹ و چلڈرن کا کوآرڈینیٹر ہوں گے۔ وزارت قانون کا عہدہ بھی وزیراعلیٰ کے پاس ہوگا۔