• news

منکرین ختم نبوت کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے مسلمان اتحاد کریں: منور حسین جماعتی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری نبی ماننا کسی بھی مسلمان کیلئے کامل ایمان اور مومن ہونے کی نشانی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے آخری نبی ہیں۔ اب کوئی نبی نہیں آ سکتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد نبی ہونے کا دعویدار جھوٹا اور بے ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبوت کا دعویدار خارج از اسلام ہے۔ جس نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پہچان لیا۔ اس نے اللہ کو پہچان لیا اور جس نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہ پہچانا اور بخل سے کام لیا وہ اللہ تعالیٰ کے قرب کا حقدار نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے یورپ کے دورہ پر روانگی سے قبل مریدین اور عقیدت مندان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مسلمانوں کو اس بات پر غوروفکر کرنا چاہئے کہ قرآن و حدیث کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ رب تعالیٰ نے اپنی خدائی پر اتنا زور نہیں دیا اور اتنی تاکید نہیں کی جتنا رب کریم نے اپنے پیارے محبوب سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آخری نبوت اور محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سارے انسانوں کیلئے آخری نبی ہونے پر زور دیا۔ کیونکہ اعمال کا دارومدار عقیدے کی بنیاد پر ہے جس کا عقیدہ صحیح نہ ہو اس کا خاتمہ بالخیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالم اسلام کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضور ختم المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جلائی ہوئی شمع کو روشن رکھنے کیلئے اہل بیت اطہار، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اولیائے امت کے روشن جھنڈے کو مضبوطی سے تھام کر منکرین ختم نبوت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت سے لوگ آئے اور قیامت تک آتے رہیں گے لیکن کائنات کے امام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسا آج تک کوئی آیا ہے نہ ہی قیامت تک کوئی آئے گا۔ یہ سب سے ضروری ہے کہ میرا اور آپ کا جو ایمان ہے وہ ختم نبوت پر ہونا چاہئے کیونکہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آخری نبی ہیں اور ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن