• news

پاکستان، بھارت دونوں ایٹمی قوتیں، محاذ آرائی عالمی امن کیلئے خطرہ ہوگی: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل سیز فائر خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ عالمی برادری کو جاننا چاہیے کہ خطے میں دو ایٹمی قوتوں کے مابین محاذ آرائی عالمی امن کیلئے خطرات کا باعث ہوگی۔ تفصیل کے  مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹی آر ٹی ورلڈ فورم 2020ء  مباحثہ میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ فن لینڈ کے وزیر خارجہ جناب پیکا ہاوسٹو اور ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو بھی مباحثے میں شریک تھے۔ وزیر خارجہ نے کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس فورم کا عنوان انتہائی اہم ہے کیونکہ کرونا وبا کے باعث دنیا بھر میں 60 ملین سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ 1.4 ملین اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو بھی کرونا وبا کے باعث بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے اپنی حکمت عملی سے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ دنیا اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا عالمی وبا کے معاشی مضمرات بھی انتہائی شدید نوعیت کے ہیں۔ کرونا وبا کے منظر عام پر آنے سے پہلے عالمگیریت کا رحجان کم ہو رہا تھا جس کی ضرورت کرونا وبا کے بعد شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے۔ کرونا وبا کے بعد ہم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مزید بگڑتے دیکھا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے مختلف ممالک کو اپنے بارڈرز بند کرتے اور اپنے طور پر اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تنہا کوششیں کرتے ہوئے دیکھا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک نئی دنیا میں داخل ہو چکے ہیں جس کے اندر عالمگیریت اور بین الاقوامی سطحی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوسری طرف ویکسین اور طبی سہولیات کی فراہمی بھی بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو بھی اسی طرح وینٹیلٹرز اور طبی سامان کی ضرورت ہے لیکن وینٹیلٹرز کی دستیابی ہی اصل مسئلہ ہے۔ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ اس عفریت سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر یکساں حکمت عملی کے ساتھ اس وبائی چیلنج کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ جب تک سب کے سب انسان اس کرونا وبا سے محفوظ نہیں تو پھر کوئی محفوظ نہیں ہے۔ عالمی وبائی چیلنج اور عالمی اداروں کی کمزوریوں کو بھی سامنے لایا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائیجریا کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے نائیجریا میں دہشتگردوں کے حملے میں شہریوں کے قتل اور اغواء کی مذمت کی۔

ای پیپر-دی نیشن