صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے یونٹ کمی، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)حکومت نے صنعتی شعبے کو مزید مراعات دے دیں، صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ کمی کردی گئی۔ اس حوالے سے نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نیپرا کے مطابق صنعتی صارفین کیلئے بجلی 12.96 روپے سے کم ہو کر 8 روپے فی یونٹ مقرر کر دی گئی۔ صنعتی صارفین کیلئے رعایتی پیکیج 8 ماہ کیلئے ہوگا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا اطلاق یکم نومبر 2020ء سے 30 جون 2021ء تک ہوگا۔ نیپرا کے مطابق رعایتی پیکیج کا اطلاق کراچی سمیت پورے ملک کے صنعتی صارفین پر ہوگا۔ ریلیف پیکیج کے تحت صنعتی صارفین پر 8ماہ فیول پرائس ایڈجسمنٹ بھی لاگو نہیں ہو گی۔ فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی مد میں ریلیف صنعتی صارفین کو ملے گا۔