لاہور جلسہ ، پی ڈی ایم کو کنوینر ہیں نہیں مل رہا، فردوس عاشق: حکومت تصادم کی جانب بڑھ رہی ، عبدالغفور حیدری، رانا ثناء
لاہور (نیوز رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک دن پہلے ہی قاسم باغ سٹیڈیم ملتان کو خالی کر کے چلی گئی تھی۔ انکا مقصد جلسہ کرنے کا نہیں بلکہ ریلی نکالنے کا تھا۔ 500 افراد نے سٹیڈیم کے تالے توڑکر اس پر قبضہ کیا اور جب انہیں معلوم ہوا کہ سٹیڈیم بھرنا انکے بس کی بات نہیں تو سامان اٹھا کر گھنٹہ گھر چوک چلے گئے۔ اپوزیشن جس کو ٹھاٹھیں مارتا سمندر کہہ رہی ہے وہ ایک گھنٹہ گھر چوک میں ہی سما گیا۔ اپوزیشن کی کوشش تھی کہ حکومت کو اشتعال دلایا جائے۔ اپوزیشن کا اصل مقصد فساد کروانا ہے۔ یہ ملتان میں سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ کروانا چاہتے تھے۔ پنجاب حکومت نے اپنی فہم و فراست سے معاملے کو حل کیا اور پی ڈی ایم کے ناپاک عزائم کو بھانپتے ہوئے پولیس کو راستے سے ہٹنے کا حکم دیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ رانا ثناء اللہ پریس کانفرنس کے دوران حکومت کو مکے دکھاتے رہے۔ ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ حکومت مکوں، ڈنڈوں سے نہیں ڈرتی۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کہ ذمہ داری ہے۔ نہتے عوام پر طاقت کا استعمال نہیں کرنا چاہتے۔ لاہور جلسے سے متعلق معاون خصوصی نے کہا کہ ابھی تک اپوزیشن کی جانب سے جلسہ کے حوالے سے درخواست ہی نہیں دی گئی۔ پی ڈی ایم کو تو لاہور میں جلسے کیلئے کنوینئر ہی نہیں مل رہا۔ حکومت اپوزیشن کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد جلسہ سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 13دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔ پی ڈی ایم جلسہ سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت کیخلاف ریفرنڈم ہوگا۔ اس دن پورے پاکستان سے لوگ باہر نکلیں گے۔ اب پاکستان کو کس طرح آگے چلانا ہے۔ پاکستان جمہوریت کے ساتھ اور آئین کے مستقبل سے وابستہ ہے۔ جب تک اس ملک میں فری اینڈ فیئر الیکشن اور عوامی رائے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ معاملات بہتر طریقے سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ یہ جلسہ آئندہ کیلئے ایک مثال ہوگا۔ ہمارا جلسوں کا فیصلہ پرامن طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔ حکومت خود غیر آئینی اور تشدد کا راستہ اختیار کررہی ہے۔ جن لوگوں سے عمران خان ساری عمر پیسے وصول کرتا رہا ہے۔ انہی لوگوں نے اب چینی، آٹے اور ادویات میں ڈکیتی کی ہیں۔ پی ڈی ایم کا مارچ ابھی راستے میں ہوگا یہ حکومت گھر چلی جائے گی۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جب سے حکومت قائم ہوئی ہے متحدہ اپوزیشن کا بیانیہ یہی رہا ہے کہ یہ حکومت منتخب نہیں سلیکٹڈ ہے۔ لائق نہیں نالائق حکومت ہے۔ ڈھائی سال میں نالائقی کھل کے سامنے آگئی۔ یہ ایک بھی وعدہ پورا نہیں کر سکی۔ پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کی بجائے لوگ بیروزگار اور بے گھر ہوئے ہیں۔ جنرل الیکشن کی طرح گلت الیکشن میں بھی دھاندلی کی گئی۔ گلگت میں بھی جھاڑو پھیر دیا گیا ہے۔ یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔ ہم نے اس حکومت کیخلاف پندرہ ملین مارچ اور پانچ بڑے جلسے کئے ہیں۔ ملتان میں کریک ڈائون کیا گیا۔ ایسے ہی گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں کیا گیا۔ ایسی شرمناک حرکتیں کی گئیں۔ یہ لوگ تصادم کی طرف جا رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور نے کہا ہے کہ اس حکومت نے کسانوں کو گرفتار کیا۔ لاہور میں ایک پروفیسر عمار جان کو گرفتار کرلیا۔ تمام جماعتیں پوری تیاری کر رہے ہیں۔ بلین ٹری منصوبے کا پول سپریم کورٹ نے کھول دیا ہے۔ ابھی جیسے ہی فارن فنڈنگ کا کیس سامنے آئے گا اس حکومت کی حقیقت مزید عوام کے سامنے عیاں ہو جائے گی۔