• news

سپریم کورٹ: رمشا قتل کیس کے ملزموں کی سزائے موت کیخلاف اپیلیں مسترد  

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے کم سن رمشا قتل کیس کے ملزمان کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں۔ سپریم کورٹ میں رمشاء قتل کیس کے ملزمان کی سزائے موت کیخلاف اپیلوں پر سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں شریعت اپیلٹ بنچ نے کی۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پولیس کہتی لاش والی بوری گلی میں پھینکی تو لوگ جمع ہوگئے۔ تاہم جو لوگ جمع ہوئے ان میں سے کسی نے گواہی نہیں دی۔ ملزمان کے خلاف کسی قسم کے شواہد نہیں جس پر جسٹس قاضی محمد امین نے کہا ملزمان کے اپنے گواہوں کے بیانات بھی انکے خلاف جاتے ہیں۔ جس کی کم سن بیٹی زیادتی کے بعد قتل ہو وہ کیوں کسی پر جھوٹا الزام لگائے گا۔ عدالت نے ملزم شعبان کی اپیل خارج کر دی اورسزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ شریک ملزم قیصر کی سزائے موت کم عمری کے باعث عمر قید میں تبدیل کر دی۔ ملزمان نے 2003ء میں مریدکے میں رمشاء نامی ساڑھے تین سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن