• news

مغلپورہ: جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجے کی فائرنگ‘ چچا زخمی‘ ملازم‘ راہگیر جاں بحق

لاہور+فیروز والہ (نمائندہ خصوصی) لاہور کے علاقہ مغلپورہ میں اراضی کے تنازعہ پر دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج  حاصل کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق مغل پورہ گنج بازار میں ملزم فیاض عرف بائو نے اپنے چچا جاوید کی جانب سے حویلی میں حصہ نہ دینے کی پاداش میں فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر اور ملازم جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت افتخار اور الیاس کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق جاوید نامی شخص کی بائیں ٹانگ اور دائیں کندھا پر گولیاں  لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ملزم فیاض عرف بائو موٹر سائیکل پر فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم نے مٹی کے برتنوں کی دکان پر اپنے چچا جاوید کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق ملزم فیاض حویلی کی جائیداد میں اپنا حصہ مانگتا تھا ‘چچا جاوید نے انکار کیا تھا۔ ملزم فیاض اپنے چچا کو قتل کرنے کے لئے گھر تک بھاگا۔ پولیس نے جاں بحق افراد کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے ورثا کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ تاہم ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکا۔فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق  جی ٹی روڈ کی آبادی شامکے (کالا شاہ کاکو) میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بھائیوں کی مدد سے اپنی بیوی پر  تشدد کرکے اسے ہلاک کر دیا۔ بتایا گیا ہے میاں بیوی اور اس کے سسرالیوں کا آپس میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس پر عبدالرحمن نے اپنے بھائی لقمان، اسلام اور نواز کی مدد سے اپنی بیوی شازیہ بی بی پر تشدد کیا اور گھر میں ہی مار ڈالا۔ فیروزوالہ پولیس نے مقتولہ کے باپ محمد شریف کی رپورٹ پر عبدالرحمنٰ اور اس کے بھائیوں کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن