فلم ، زراعت کی ترقی کیلئے چینی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ، شبلی فراز: میڈیا تعلقات بڑھائیں گے، سفیر نونگ رونگ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے سے علاقائی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں بلخصوص زراعت کے حوالے سے منتظر ہیں، ہم زراعت کے شعبے کو ترقی دینے، فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے حوالے سے چینی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ثقافتی روابط کو فروغ دینے کیلئے فلم کے شعبے میں تعاون پر توجہ مرکوز کرنیکی ضرورت ہے۔ بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی، جس میں وزیر اطلاعات نے میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے مابین تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ ثقافتی روابط کو فروغ دینے کیلئے فلم کے شعبے میں تعاون پر توجہ مرکوز کرنیکی ضرورت ہے، پاکستانی فلم "پرواز ہے جنون" کا اجرا چین میں 13نومبر کو ہوا جسے چینی ناظرین اور فلم کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز نے سراہا ہے، ہم فلم کے شعبے میں تعاون کو مستحکم بنانے کو خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چین کے سفیر سے ملاقات کی خواہش سے آگاہ کیا تاکہ اس شعبے میں تعاون پر تبادلہ ہو سکے۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ایک اہم منصوبہ ہے۔ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں بالخصوص زراعت کے حوالے سے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر نے جدید میڈیا تصورات میں میڈیا سے وابستہ افراد کی تربیت کی تجویز پیش کی۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعلقات کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریگا۔ چین کویڈ 19کم ہونے کے بعد پاکستانی میڈیا وفد کو چین کے مختلف شہروں کے دورے پر لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ چینی سفیر نے دونوں ممالک کے میڈیا کے مابین قریبی ہم آہنگی پر بھی زور دیا تاکہ سی پیک منصوبوں کے بارے میں منفیت کو ختم کیا جاسکے۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں فریقین نے جاری تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے مستقل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ برطانوی اینکر کے سوالات اور اسحق ڈار کے جوابات ثبوت ہیں، سچ کے سامنے ان کے ہاتھ پائوں پھول جاتے ہیں۔ سابق وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ نون کے رہنما اسحق ڈار کے انٹرویو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہا کہ یہ لوگ لوٹ مار کے دفاع کے لیے وطنِ عزیز کا نام بدنام کرنے سے بھی باز نہیں آتے۔ کرپٹ عہد کا معاون اور ملکی معیشت تباہ کرنے والا انٹرویوز کے لیے صحت مند مگر قانون کے سامنے بیمار ہے۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار سے پاکستان میں تعینات نئے چینی سفیر نے ملاقات کی۔ پاک چین اقتصادی تعاون اور سی پیک پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور چین کی نائب سفیر مس پینگ شن زوئی کے مابین اسلام آباد میں ملاقات۔ اس موقع پر سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں تعاون اور شراکت داری کے تحت امن، ترقی اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے چین کے صدر شی جنگ پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ صدر شی جنگ پنگ کی قیادت میں پاکستان چین تعاون کو مزید وسعت ملی اور عالمی فورمز میں مثالی تعاون پاک چین دوستی اور تعاون کو ظاہر کرتا ہے۔ ملاقات میں سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے عوامی اور ادارہ جاتی معاونت کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کرونا وباء پر قابو پانے کیلئے چین نے دل کھول کر تعاون کیا جس پر پاکستانی قوم انکی شکر گزار ہیں اور سی پیک دونوں ملکوں کے علاقائی ترقی کے لئے مشترکہ ویژن کو ظاہر کرتا ہے۔