گیارہ جماعتیں الٹی بھی ہوجائیں ، عمران جیسے ایماندار کا مقابلہ نہیں کر سکتیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت 4گھنٹے طویل ویڈیولنک اجلاس ہوا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور سیوریج کی سکیموں کو خود ریویو کیا۔ وزیراعلی نے جنوبی پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت، ہاؤسنگ، بلڈنگز، شہروں کی بیوٹیفیکیشن، لوکل گورنمنٹ، زراعت، لائیوسٹاک، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں کا ذاتی طورپر جائزہ لیا۔ ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی پیکیج پر پیشرفت پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ جنوبی پنجاب میں امن وامان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے اورعوام کی فلاح وبہبود کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں۔ فلاح عامہ کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا اور فلاح عامہ کی ہر سکیم کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہوگی۔ ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے-عوامی شکایات کی انکوائری ہوگی اور ذمہ دار افسروں کو سزا ملے گی۔ ہم قومی وسائل کے امین ہیں، خیانت کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔ عوامی منصوبوں کے لئے جاری فنڈز کو بروقت استعمال کیا جائے۔ منصوبوں میں بلا جواز تاخیر کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں۔ منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے افسر دفاتر سے باہر نکلیں اور فیلڈ میں جا کر خود جائزہ لیں۔ زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، کام کر کے دکھانا ہوگا۔ ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیاں کرنے والے افسروں اور عملے کے خلاف وزیراعلیٰ شکایت سیل انکوائری کرے گا۔ فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔ زرعی مشینری و آلات کے استعمال کے بارے میں شکایات پر کارروائی ہوگی۔ جنوبی پنجاب میں مزید لنگر خانے کھولے جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے۔صوبہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسی اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گینگز کی سرکوبی کیلئے موثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے نزدیک انسانی زندگی کی کوئی وقعت نہیں اور راہزنوں کے اس ٹولے نے کرونا جیسے قومی چیلنج پر بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے اوراپوزیشن کو عوام کا کوئی احساس نہیں ۔ جن کے نزدیک انسانی جانوں کی کوئی وقعت نہیں وہ عوام کے مسائل کب اور کیسے سمجھ سکتے ہیں۔ اپوزیشن نے ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔ اپوزیشن کی 11 جماعتیں الٹی بھی ہو جائیں، وزیراعظم عمران خان جیسے ایماندار اور شفاف لیڈر کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ کرونا کی صورتحال بگڑ رہی ہے، ان حالات میں اجتماعات کرنا عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ پی ڈی ایم کی ہٹ دھرمی نے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ چوروں کے اس ٹولے کے دلو ں میں عوام کیلئے رتی بھر بھی درد نہیں۔ پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ کرونا وائرس پھیلانے کے ذمہ دار ہیں۔ جلسوں کی وجہ سے کرونا کے پھیلاؤ میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ قوم اس ٹولے کے منفی بیانیہ کو رد کرچکے ہیں۔ پی ڈی ایم کی انتشار کی سیاست دفن ہوچکی ہے۔ عثمان بزدار نے گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی سٹی تھانے کی حدود میں لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔