احتساب عدالت نے شہباز شریف کو طبی سہولیات نہ دینے کیخلاف درخواست پر وکلاء کو بحث کیلئے بلا لیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو جیل میں طبی سہولیات نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر وکلاء کو بحث کے لئے دوبارہ طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے درخواست پر سماعت کی۔ شہباز شریف کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر فاضل عدالت نے سماعت3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود جیل میں میڈیکل کی سہولیات نہیں دی جا رہی۔ عدالت میں جیل سپرنٹنڈنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا۔ درخواست گزار شہباز شریف نے موقف اختیار کیا ہے کہ احتساب عدالت نے جیل میں مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا مگر عدالتی احکامات کے باوجود جیل میں سہولیات تاحال نہیں دی گئیں،کمر درد کی تکلیف میں مبتلا ہوں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔