• news

عورتوں پر تشدد عالمی مسئلہ، پاکستان میں قوانین پر عمل درآمد ناگزیرہے: وینڈی گلمور

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) عورتوں کے خلاف تشدد ایک عالمی مسئلہ ہے تاہم پاکستان میں متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کی اشد ضرورت ہے۔ اس امر کا اظہار پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام پاکستان میں عورتوں کے خلاف تشدد اور ریاست کی دوران اور بعد از وبا ذمہ داری کے زیر عنوان آن لائن مکالمے کے دوران اپنی گفتگو میں کیا۔ پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کینیڈا میں بین الاقوامی معاونت کی فراہمی کی پالیسی میں تشدد کا نشانہ بننے والی عورتوں کی انصاف تک رسائی اور انہیں ہر طرح کی معاونت پر خاص توجہ دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سول سوسائٹی کے اداروں کے ساتھ مل کر صنفی تشدد کا شکار ہونے والوں کے لیے معاونت کے بہتر نظاموں کے قیام میں مدد دے رہے ہیں۔ قومی کمیشن برائے حقوق نسواں (این سی ایس ڈبلیو) کی سابق سربراہ خاور ممتاز نے کہا کہ عورتوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے واقعات اب سامنے لائے جا رہے ہیں جو ایک مثبت پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام انصاف سے جڑے اداروں کی استعداد میں اضافے کے لیے اقدامات قوانین پر بہتر عمل درآمد کے لیے ناگزیر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن