پی ٹی آئی کی صورت میں مصیبت عوام پر مسلط ہے: سراج الحق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صورت میں ایک مصیبت عوام پر مسلط ہے۔ حکمران ٹولے نے لاکھوں لوگوں سے روزگار چھین لیا۔ غریب زندہ رہنے کے لیے خوراک خرید سکتا ہے نہ دوائی۔ لینڈ، ڈرگ، شوگر اور آٹا مافیا کا راج ہے اور عوام بے بس ہیں۔ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں بھی عوام پر ظلم ہورہاتھا، اب پی ٹی آئی کے دور میں بھی وہی داستان جاری ہے۔ جاگیرداروں اور استعمار کے نمائندوں نے چولستان کو غیر ملکی شہزادوں کے حوالے کردیا ہے جبکہ چولستان کا اپنا شہزادہ اور شہزادی خوراک اور پینے کے پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ’’چولستان بچائو ریلی‘‘ کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چولستان میں ہر دوسرے تیسرے سال قحط سے بے شمار جانور مر جاتے ہیں۔ عالمی ادارے ایک ہاتھی کو بچانے کے لیے پاکستان سے ہزاروں میل دور لے جاتے ہیں لیکن ہماری اپنی حکومت لاکھوں جانوروں کے لیے پانی کا انتظام کرنے سے قاصر ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع بہاولپور ڈاکٹر اشرف کے لیے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ سراج الحق نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی سرزمین پر قبضہ توسیع پسندانہ عزائم نئی یہودی بستیوں کے مسلسل قیام فلسطینی عوام کے ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ظلم و جبر کے خلاف اور فلسطینی حکومت اور عوام کیساتھ مکمل اظہار پرمبنی قرارداد سینٹ سیکرٹری میں جمع کرا دی ہے۔ قرارداد میں اسرائیل کو تسلیم کرنے نرم گوشتہ رکھنے اور اس احوال سے بعض عناصر کی طرف سے بیانات اور میڈیا پروگرام کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔