سربراہ پاک بحریہ کو ترک نیول ہیڈ کوارٹرز میں عسکری ایوارڈ سے نوازاگیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو ترک بحریہ کے سربراہ عدنان ازبال نے ’’لیجن آف دی ترکش آرمڈ فورسز‘‘ کا عسکری اعزاز تفویض کیا۔ ترکی کے دورے کے دوران امیر البحر نیترک وزیر برائے قومی دفاع، ترک بری اور بحری فوج کے کمانڈرز اور دفاعی انڈسٹریز کے صدر سے ملاقاتیں کیں۔ ترک بحریہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ایک پروقار تقریب میں کمانڈر ترک بحریہ نے ’’لیجن آف دی ترکش آرمڈ فورسز‘‘ کا اعزاز تفویض کیا۔ قبل ازیں ملاقات کے دوران معززین نے دونوں ممالک کی بحری فورس کے مابین تعلقات کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور اور بحری اشتراک کے معاملات پر گفتگو کی۔ سربراہ پاک بحریہ کو ترکش نیول فورسز کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ترکش جنرل سٹاف ہیڈکوارٹرز انقرہ میں وزیر برائے قومی دفاع ہولوسی اکار اور ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل یاسر گلر سے ملاقات کی۔ نیول چیف نے پریزیڈینسی آف ڈیفنس میں دفاعی انڈسٹری کے صدر اسماعیل دمیر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی اشتراک کے معاملات زیر غور رہے۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے میری ٹائم سیکٹر میں امن و استحکام کی بقاء کے لیے ترک فوج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مزار اتاترک پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اعزازی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔ ترک معززین نے بحر ہند میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ امیرالبحر کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص اشتراک اور تعاون کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔