آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد میں وکلاء کا کردار ناقابل فراموش‘ بلاول
کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بار کونسل کے انتخابات میں کامیابی پر ضیاء الحسن لنجار سمیت تمام امیدواروںکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پروفیشنل باڈیز میں جمہوری روایات و اقدار کا فروغ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں وکلا برادری کا کردار ناقابل فراموش رہا ہے۔ کٹھ پتلی حکومت کا مطلب آئین و قانون کی پامالی اور عوام کے حقِ حاکمیت پر ڈاکہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی قیادت و کارکنان کی ملک میں جمہوریت، انصاف اور مساوات کے لیے جدوجہد و قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔ پیپلز پارٹی ملک کے متفقہ آئین کی معمار کی حیثیت سے اقتدار میں آکر نظام انصاف سے بلیک ہولز کا خاتمہ کرے گی۔ب لاول بھٹو نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے خصوصی اہلیت کے حامل افراد بھی ہر قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ مواقع دینے کی ضرورت ہے کہ تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر معاشرے کی بہبود میں اپنا حصہ بھرپور انداز میں ملا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی حکومتوں نے سرکاری محکموں میں ملازمت کیلئے خصوصی افراد کیلئے 5 فیصد کوٹہ متعارف کرایا۔