سونامی کو ناکامی کے بعد بدنامی کا سامنا‘ لانگ مارچ کا آپشن زیر غور: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آپشن زیر غور، لیکن ابھی اس کے شیڈول کا اعلان قبل از وقت ہے۔ سونامی کو ناکامی کے بعد اب بدنامی کا سامنا ہے۔ ان ہائوس تبدیلی کے لیے آئینی طریقہ کار موجودہے، کسی غیر آئینی اقدام کا ساتھ نہیں دیں گے۔ پی ڈی ایم والوں نے چار چار دفعہ باریاں لیں۔ پی ٹی آئی نے ڈھائی سال میں نااہلی کے سبھی ریکارڈ توڑ دیئے۔ حکمران طبقہ نے 70 سالوں میں عوام سے بے وفائی کی۔ ان سب کو گھر بھیجنا ہماری جدو جہد کا مقصد ہے۔ حکومت معذور افراد کے لیے بہترین تعلیمی و طبی سہولتوں کا مفت بندو بست کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر منصورہ میں خصوصی تقریب سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام الخدمت فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر امیر العظیم، عبدالشکور نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن شاہد اقبال، صدر الخدمت فائونڈیشن وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کی وفاقی و صوبائی حکومتیں انتہائی کمزور وکٹ پر کھڑی ہیں۔ اگر اپوزیشن جماعتیں ان ہائوس تبدیلی لانا چاہتی ہیں تو اس کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پکڑ دھکڑ و خرید و فروخت کے حربوں اور دیگر کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔ ہماری تحریک کے دوسرے فیز کا آغاز کچھ روز بعد گوجرانوالہ سے ہوگا۔ جلد جماعت کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں شیڈول کو آخری شکل دی جائے گی۔ سر اج الحق نے کہاکہ اسرائیل امریکہ کی ناجائز اولاد ہے۔ پاکستان اس کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔ ہمیں معلوم ہے کہ یہودی لابی اس کے لیے سرگرم ہے لیکن ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جس دن حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا، وہ دن ان کے اقتدار کا آخری دن ہو گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اب مزید وقت ضائع کیے بغیرفوری طور پر عوام کے حق میں رائٹ ٹرن لے اگر ایسا نہیں ہوا تو لانگ مارچ حتمی ہے۔ پی ڈی ایم کو جلسے کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ حکمران اپوزیشن کے رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات ختم کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت معذور افراد کے لیے مفت طبی و تعلیمی سہولتوں کا بندوبست کرے۔ ان کو کم نرخوں پر اشیائے خورد فراہم کی جائیں۔ ٹرانسپورٹ کی مفت سہولتیں دی جائیں۔ دریں اثناء سراج الحق نے جاتی امراء میں شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔