ایرانی سائنسدان کا قتل قابل مذمت ، فریقین تحمل سے کام لیں : پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ایران کے ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فریقین پر تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے تاکہ علاقے میں کشیدگی پیدا نہ ہو۔ ترجمان دفتر خارجہ نے محسن فخری زادہ کے خاندان کے افراد اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ صبر وتحمل سے کام لینے اور علاقے میں کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنے پر زور دیتا ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سنگین صورتحال کو بیان کرتے ہوئے ترجمان نے عالمی برداری سے کہا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔ اقوام عالم کو کشمیری عوام کے خلاف بھارتی مظالم رکوانے کیلئے تمام حربے استعمال کرنے چاہیے۔ ترجمان نے بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے حوالے سے بھارت کے خلاف ہمارے ٹھوس ثبوتوں پر واضح لائحہ عمل اختیار کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دوحہ میں افغان فریقین کے مابین قوانین اور طریقہ کار کے حوالے سے معاہدے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان نے دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس نے متفقہ اور ٹھوس قرارداد میں جموں و کشمیر پر ٹھوس الفاظ میں موقف دیتے ہوئے بھارت سے غیر قانونی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، محاصرے اور ماورائے عدالت قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا۔ وزرائے خارجہ کونسل نے متفقہ طور پر اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی قرارداد کو منظورکیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرراداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا گیا جس کی وجہ سے دنیا کے 1.8ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ قرارداد میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال 15مارچ کو اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے عالمی دن کے طور پر منایا جائے گا۔ ترجمان نے نے بتایا کہ چینی قونصلر اور وزیر دفاع جنرل وائی فینگ نے پاکستان کا تین روز دورہ کیا جس میں پاکستان اور چین کے مابین تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بات کی گئی۔ اس دورے میں وائی فینگ نے وزیر اعظم، صدر مملکت اور مسلح افواج کے سربراہان سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دفاعی تعاون کو بڑھانے، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کرونا کے مقابلے میں پاکستان کا سب سے بڑا شراکت دار ہے۔ پاکستان کرونا کے خلاف چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور کرونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے چین سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کے قریبی و تعاون پر مبنی تعلقات ہیں اور ہم نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے تلور کے شکار کے جاری کیے گئے لائسنس کے حوالے سے واضح کیا کہ پاکستان میں شکار کے لیے لائسنس ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت جاری کیے جاتے ہیں۔ پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور ابھی تک امارات کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے کے سرکاری موقف کا اعلان نہیں کیا گیا۔ وزارت خارجہ اس معاملے پر اماراتی حکام سے رابطے میں ہے۔ ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نئی آباد کاری کے ٹینڈر جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ فلسطین میں نئی آباد کاری کی اسرائیلی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہمارے لیے فلسطینیوں کا حق استصواب رائے اہم ہے۔ پاکستان کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس کے بطور دارالحکومت فلسطین کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سپین کے کاٹالونیہ کے حکام سے ملاقات کا پاکستان کی سپین اور کاٹالونیہ کی علیحدگی کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور پاکستان کی سپین کے حوالے سے پالیسی برقرار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات وہاں کے عوام کی ضروریات اور مطالبات کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہیں اور پاکستان کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھاے گا جس سے ہمارا جموں و کشمیر پر موقف متاثر ہو۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کہا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین المذاہب‘ بین الثقافت ہم آہنگی و احترام پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ پاکستان کی قرارداد ’’بین المذاہب‘ بین الثقافت مذاکرے کی ترویج‘‘ پر پیش کی گئی ہے۔ قرارداد پاکستان کی بین المذاہب ہم آہنگی اور احترام کی عکاس ہے۔ کرتارپور راہداری کو بین المذاہب‘ بین الثقافت ہم آہنگی کیلئے اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد اسلاموفویبا اور عدم برداشت کے تناظر میں اہمیت کی حامل ہے۔