یورپی یونین نے پی آئی اے پر غیر معینہ مدت تک پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا
لندن(عارف چودھری) یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے قومی ایئرلائن کی پروازوں پر عائد پابندی کو غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی عالمی اداروں کو سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے قیام اور لائسنسنگ کے نظام پر مطمئن نہیں کرسکی جس کی بناء پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کو ایک خط میں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے سے پائلٹوں کے لائسنسنگ کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات نہ کیے جانے کی وجہ سے پی آئی اے پر یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا، پابندی اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا سیفٹی آڈٹ کیا جائے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب اس بات کی یقین دہانی ہوجائے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اس آڈٹ میں کامیاب رہے گی۔