• news

35 دینی جماعتوں کا تحفظ حرمت رسول‘ اتحاد امت کانفرنسز کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملی یکجہتی کونسل میں شامل 35 دینی جماعتوں نے ملک بھر میں تحفظ حرمت رسول اللہ  و اتحاد امت کانفرنسز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کانفرنسز لاہور، پشاور، حیدر آباد، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان، مظفر آباد میں ہوں گی۔ ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر، لیاقت بلوچ، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پیغمبران خدا کی توہین کے انسداد کے لئے اقوام متحدہ کی طرف سے قانون بنایا جائے۔ دنیا کے ہر مذہب میں مذہبی کتب اور مقدس ہستیوں کا احترام لازم ہے۔ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ نامرد بنائے جانے کا قانون اسلامی تعلیمات کی روح کے خلاف ہے۔ اس سے بے حیائی کم نہیں بلکہ بڑھے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں عوام سے کھیل کھیل رہی ہیں۔ جنہوں نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی وہی مفرور ڈیکلیئر کروا رہے ہیں۔ یہ دوہرا معیار ہے۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی، مولانا خادم حسین رضوی کی بخشش و مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے دستور میں ترامیم کیلئے کمیٹی قائم کی گئی۔ سینئر رہنما لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملی یکجہتی کونسل ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے، مذہبی جماعتیں پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، فلاحی مملکت بنانے اور اتحاد امت کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اجلاس میں عارف حسین واحدی، عبد الرشید ترابی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، سید ثاقب اکبر، مولانا عبد المالک، سید عبدالوحید، سید احمد اقبال رضوی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مولانا محمد باقر گلو، سید لطیف الرحمن شاہ، مولانا عبد الغفار روپڑی، قاری محمد یعقوب شیخ، صاحبزادہ سید اسامہ بخاری، حافظ میاں محمد اصغر، ڈاکٹر امتیاز احمد و دیگر رہنما شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن