• news

 مرغی‘ انڈے 15 فیصد تک مہنگے‘ گھی کا ریٹ بلند ترین سطح پر رہا 

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں گزشتہ روز مختلف علاقوں میں برائلر گوشت، زندہ مرغی اور انڈوں کے ریٹ 10 سے 15 فیصد زیادہ رہے۔ بعض علاقوں میں برائلر گوشت کا ریٹ 350 روپے فی کلو تک رہا۔ تھوک مارکیٹ میں گھی کے 16 کلو کے کنسترکی قیمت بلند سطح پر رہی اور اس کا کم ازکم (درجہ سوم )کا ریٹ 3400 اور زیادہ سے زیادہ 3750 روپے رہا۔ چینی کی فی کلو قیمت تھوک مارکیٹ میں 79سے 81روپے فی کلو رہی۔ گزشتہ روز سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں معمولی اتار چڑھاﺅ ہوا اور ادرک اور گاجر کی قیمت میں پانچ پانچ روپے فی کلو کا اضافہ ہوا جبکہ سرکاری طور پر جاری نرخوں کے مطابق آلو کی فی کلو قیمت 51سے 60 روپے، پیاز 42 سے 57 روپے فی کلو، ٹماٹر 95 سے 120 روپے فی کلو، لہسن 165 سے 270 روپے فی کلو، مٹر 120 سے 125 روپے فی کلو، اور گاجر 100 سے 104 روپے فی کلو رہی۔ گزشتہ روز بھی سب سے مہنگی عوامی سبزی ادرک رہا جس کی قیمت 600 سے 800 روپے فی کلو تک رہی جبکہ سرکاری نرخنامہ کے مطابق اس کا فی کلو ریٹ 535 سے 545روپے فی کلو رہا۔ پھلوں میں سیب، کیلا، امرود، انگور، کھجور، انار، مسمی کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی بیشی نہیں ہوئی۔ شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 7روپے اضافے سے 320روپے، زندہ برائلر مرغی 5روپے اضافے سے221روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت ایک روپے اضافے سے 181روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔

ای پیپر-دی نیشن