• news

راولپنڈی: کریانہ سٹور کے سامنے پڑے مواد میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 7زخمی

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پیر ودھائی میں کریانہ سٹور کے سامنے پڑے مواد میں دھماکے سے چنگ چی میں بیٹھا ایک شخص جاں بحق اور سات شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے چنگ چی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے چنگ چی جل کر تباہ ہوگیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ پیر ودھائی کے ایس ایچ او ندیم ظفر پولیس نفری سمیت پہنچ گئے۔ عثمان جنرل سٹور کے سامنے  رکشے میں بیٹھے تین افراد قہوہ پی رہے تھے کہ دھماکہ ہوگیا۔ جس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ ایس پی رائے مظہر اقبال نے بتایا جاں بحق ہونے والا فوجی کالونی کا رہائشی تھا۔ دھماکہ خیز مواد میں بال بیئرنگ استعمال کئے گئے۔ یہ دھماکہ اسی نوعیت کا ہے جس طرح کے دو دھماکوں کے واقعات تھانہ کینٹ کے علاقے میں صدر میں پیش آئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے کا نام محمد افضل خان ولد غلام رسول ہے۔ جبکہ زخمیوں میں ابراہیم ولد اذان اللہ سکنہ ضیاء الحق کالونی، علائوالدین ولد عبدالرزاق کوئٹی شارجہ ہوٹل کا ورکر، ظفیر ولد عبدالرشید، بلال ولد شاہ گل سکنہ ڈھوک درزیاں، عبدالرحمن ولد عبدالخالق سکنہ ضیاء الحق کالونی، قاسم ولد بشیر سکنہ اسلام پورہ، عبدالمنان ولد عبدالرزاق سکنہ بھکر شامل ہیں۔ جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن