• news

سابق جج ارشد ملک سمیت کرونا سے 55جاں بحق، یوم دعا منایا گیا، بلاول صحت یاب

اسلام آباد  (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ )  پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی\ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہے، 3 لاکھ 50 ہزار 305 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 3262 نئے کیس رپورٹ‘ اموات 8 ہزار 260 تک پہنچ گئیں۔ سرکاری اعداد و شمار 3354 مریض صحتیاب ہوئے، فعال کیسز کی تعداد 51 ہزار 507 تک پہنچ گئی۔ صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں مزید 1615 کیسز کا اضافہ اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 240 تک پہنچ گئی۔ مزید 15 مریض انتقال کرگئے، اموات کی تعداد 2 ہزار 983 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں کرونا کے 670 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 753 ہوگئی۔ مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے، اموات کی تعداد 3 ہزار 115 ہوگئی۔ خیبرپی کے  میں مزید 345 افراد متاثر، مجموعی متاثرین 48 ہزار 264 ہوگئی۔ مزید 11 مریضوں کا انتقال، تعداد 1389 پر جا پہنچی۔  بلوچستان میں 65 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 333 ہوگئے، اموات کی تعداد 169 پر برقرار ہے۔ اسلام آباد میں مزید 474 کیسز کی تصدیق، متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 639 ہوگئی۔ مزید 3 مریض جاں بحق، اموات بڑھ کر 332 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں کرونا کے 84 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق متاثرین 7 ہزار151 ہوگئی۔ مزید ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا مجموعی تعداد 174 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں 9 نئے کیسز ، تعداد 4 ہزار 692 ہوگئی۔ایک مریض کا انتقال، تعداد 98 ہوگئی۔ گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 354 افراد شفایاب ہوئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 50 ہزار 305 ہوگئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ ارشد ملک کے بہنوئی وحید جاوید نے ان کی وفات کی تصدیق کی\ سابق جج گزشتہ 25روز سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ارشد ملک کی حالت گزشتہ 2روز سے انتہائی تشویشناک تھی اور وہ وینٹی لیٹر پر موجود تھے\ ارشد ملک کی نماز جنازہ مندرہ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین بھی مندرہ کے گائوں میں ہوگی۔ سابق جج کے سوگواران میں 2بیٹے اور 2بیٹیاں شامل ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری  نے ملاقات کی وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کو کرونا کے حوالے سے علما اور این سی او سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں  رہنے کی ہدایت کی مزید یہ کہ وزارتِ مذہبی امور علما و مشائخ کو کرونا کے پھیلا ئو  کے اعشاریوں کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ دینی مواعظ اور خطبات میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید منبر کے ذریعے ممکن ہو۔ اس موقع پر یہ بات بھی واضع کی گئی کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا تاہم کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید ضروری ہے۔ پیر نور الحق قادری نے وزیرِ اعظم سے علما و مشائخ کونسل کی تنظیمِ نو پر بھی مشاورت کی۔ فیصل مسجد میں جمعہ کو یوم دعا کی مناسبت سے کرونا وائرس کی وبا سے بچاو کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ صدر مملکت و چانسلر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے عالمی وبا کی دوسری لہر سے تحفظ کے لئے یوم دعا کے اہتمام کے اعلان کی روشنی میںجمعہ کو اسلامی یونیورسٹی کے معروف سکالر پروفیسر ڈاکٹر سہیل حسن نے کرونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر سے تحفظ کے لیے خصوصی  دعا کرائی جس میں اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سمیت جامعہ کے اساتذہ و ملازمین کے علاوہ جڑواں شہروں کے افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں عوامی مقامات ، دفاتر اور مساجد میں ایس و پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ وبا سے تحفظ کے لئے رجوع الی اللہ کیا جائے اور اسی حوالے سے جمعہ کے اجتماعات میں خصوصی دعائوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں یوم دعا منایا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کرونا کے خلاف جنگ جیت گئے۔ دوسرا ٹیسٹ منفی آ گیا۔ کراچی بلاول ہاؤس میں قرنطینہ میں تھے جبکہ انہوں نے آج دوبارہ ٹیسٹ کروایا جو منفی آیا۔ کرونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی کے ضلع غربی کے 13علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کل یعنی 5 دسمبر سے 18 دسمبر تک بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، گڈاپ اور کیماڑی کے مخصوص علاقوں میں میں سمارٹ لاک ڈاؤن رہے گا۔ سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اسلام نگر، سعیدآباد، مہاجرکیمپ، معمارآباد، یوسف گوٹھ، کیماڑی، داتانگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حنیف آباد، پاک کالونی، میٹروول، بوانی چالی اور فرنٹیئر کالونی میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔ دریں اثناء تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل کی ہدایات پر بھی کرونا کے حوالے سے یوم دعا منایا گیا۔ میاں محمد جمیل نے جمعہ کے روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات وبائی امراض اور مسائل سے نجات اللہ تعالیٰ کی رضا خوشنودی کیلئے اجتماعی و انفرادی توجہ کی جائے۔ صوبہ سندھ ملک بھر میں کروناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز، شفایاب ہونے والے مریضوں اور فعال کیسز کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہے جبکہ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے۔ کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب ملک بھر میں پہلے جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پرہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کرونا وائرس کے فعال کیسز کے اعتبار سے ملک بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ہوگئی۔ کراچی کرونا مثبت کیسز کی شرح میں پہلے نمبر پر آگیا جہاں20.12 فیصد ہے۔این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی۔ ایبٹ آباد میں 14.53، آزاد کشمیر میں 11.09 فیصد، بلوچستان میں 12.5، گلگت بلتستان میں 4.7، اسلام آباد 6.6، خیبرپی کے 5.6 اور سندھ میں 14.1 فیصد تک ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.2 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.69، راولپنڈی میں 4.95، فیصل آباد 6.81 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 9.17، سوات میں 7.32، کوئٹہ میں 9.91 اور میرپور میں مثبت کیسز کی شرح کم ہوکر 10.57 فیصد تک آگئی۔کرونا کے 2 ہزار 469 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔ ملک بھر میں کرونا کے 301 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا کے فعال متاثرین کی تعداد18648950ہے، کرونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔کرونا وائرس  سے نجات کے لئے جمعۃ المبارک ملک بھر میں یوم دعا کے طور پر منایا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے پارلیمنٹ ہائوس کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی اور موذی وبا سے نجات اور استحکام پاکستان کے لئے خصوصی دعا کروائی۔  وفاقی حکومت کی اپیل پر ملک بھر میں جمعۃ المبارک یوم دعا کے طور پر منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد کرونا وائرس جیسی موذی وبا سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے نماز جمعہ کے بعد ملکی استحکام اور کرونا جیسی موذی وبا سے نجات کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے قوم سے اپیل کی کہ وبا سے نجات کے لیے جسمانی و روحانی احتیاط اختیار کرے ۔ مصیبت کی گھڑی میں اللہ تعالی سے رجوع کیا جائے۔ اللہ تعالی پاکستان کو اندرونی و بیرونی دشمنوں و خطرات سے محفوظ رکھے۔ نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ کرونا ایک موذی وباء ہے جس کا تدارک احتیاطی تدابیر کے ذریعے کیا جا سکتا ہے، حکومت کی اپیل پر آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جارہا ہے تا کہ ہم اپنے رب کو راضی کر کے اس موذی وباء کا دنیا سے خاتمہ ہو سکے۔  پیر نور الحق قادری نے کہا کہ میں نمازیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہر نماز کے بعد اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے دعا کریں اور ملک بھر کی مساجد میں یوم دعا منایا جائے۔ میری خواہش ہے کہ منبر و محراب سے علماء کرام، مشائخ عزام اس موذی مرض کے حوالے سے قوم کو آگاہ کریں اور لوگوں کو صفائی ستھرائی جو ہمارے دین کا بنیادی لازم جزو ہے کے بارے میں بتائیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو جوش سے نہیں ہوش سے کام لینا ہوگا وہ قوم پر رحم کریں۔ ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے عوام بھی خود کرونا کو ویلکم کر رہے ہیں۔ پاکستان کرونا کی ماہ جون جیسی صورتحال کا کسی صورت دوبارہ متحمل نہیں ہوسکتا۔ کرونا سے بچائو بارے آگاہی میں علما کا اہم کر دارہے۔ وہ جمعہ کے روز صدر مملکت کی اپیل پر کرونا سے بچائو کیلئے یوم دعا کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گور نر ہائوس میں جمعہ کے اجتماع میں خصوصی دعا میں صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید، تحریک انصاف سنٹر ل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری، پولٹیکل سیکرٹری میاں کاشف اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے، جبکہ اس موقع پر گورنر ہائوس کی جامع مسجد کے خطیب قاری اسماعیل نے کرونا سے بچائو اور ملکی ترقی اور سلامتی کے تحفظ کیلئے دعا کروائی۔

ای پیپر-دی نیشن