پاکستان نے کرونا کی پہلی لہر پر قابو پا کر ویکسین سے استفادہ کی شرائط پوری کرلیں ‘ ڈاکٹر فیصل سلطان
اسلام آباد (نا مہ نگار)پاکستان نے کورونا وائرس کی پہلی لہر پر کامیابی سے قابو پا کر کووڈ۔19کی ویکسین سے استفادہ کرنے کی شرائط پوری کر لی ہیں جس کی بدولت جلد از جلد یہ ویکسین دستیاب ہوگی۔ وزارت قومی صحت کی طرف سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے گائوی ویکسین حاصل کرنے کی درخواست سے متعلق تمام شرائط مکمل کر لی ہیں جو کووڈ۔19کی ویکسین کی تیاری کے لئے تمام ممالک کے اتحاد کے ذریعے دی جائے گی۔گائوی نے 17نومبر کو درخواست کا نمونہ جاری کرتے ہوئے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 7دسمبر مقرر کر رکھی ہے۔ وزارت قومی صحت کی رہنمائی میں حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیع پروگرام کے تحت ایک ٹیکنیکل ورکنگ گروپ تشکیل دے رکھا تھا جس نے 24گھنٹے کام کرکے مشاورتی عمل مکمل کیا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا۔ مجوزہ تشکیل دیئے گئے مسودہ کی توثیق نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے ایمونائزیشن نے یکم دسمبر کو کی اور نیشنل انٹرایجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کے آج کے اجلاس میں منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کر رہے تھے۔ اجلاس میں جن شخصیات نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ان میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، وزارت خزانہ کے نمائندے، قومی اور صوبائی ای پی آئی منیجرز، عالمی ادارہ صحت ، یونیسیف، گائوی سمیت دیگر شراکت داروں سیمت بین الاقوامی عطیہ دہندہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کووڈ۔19کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تمام صلاحتیں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا ۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لئے جلد از جلد محفوظ اور موثر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور حکومت اس سے استفادہ کرنے کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19کا سامنا کرنے والے صف اول کے ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ترجیح ہے جو بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہماری طاقت بنیں گے جبکہ بزرگ افراد کواس اقدام سیکوروناسے جڑی اموات اورپھیلائو کی روک تھام میں مدد ملیگی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر صفی ملک نے پیشہ وارانہ حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے متفقہ تجاویز کی تیاری پر ای پی آئی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ شراکتی اداروں نے حکومتی عزم کو سراہاا ور اس سلسلہ میں حکومت کی حالیہ وبا کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے کے لئے اختیار کی گئی موثر حکمت عملی کو سراہا۔ پولیو کے خاتمہ کے پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین کی سہولت سے دنیا کے مختلف ممالک کو اس وبا سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہو گا جو اس سے استفادہ کریں گے۔