سیٹزن پورٹل: رجسٹرڈ افراد 30 لاکھ سے تجاوز بجلی‘ توانائی سے متعلق ‘ زیادہ شکایات
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سٹیزن پورٹل کی دو سالہ کارکردگی جاری کر دی گئی، پورٹل پر دو سالوں میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 30لاکھ سے تجاوز کر گئی، پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے حل پر نادرا کی کارکردگی سب سے اطمینان بخش رہی، تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد موصول ہونے والی شکایات میں سے ایک لاکھ 28 ہزار نمٹا دی گئیں۔ جمعہ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں پورٹل کی دو سالہ کارکردگی جاری کی گئی۔ پی ایم ڈی یو کے انچارج عادل صافی نے کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 27 لاکھ 60 ہزار موصول ہونے والی شکایات میں سے 13 لاکھ 41 ہزار وفاقی حکومت، 9لاکھ 45 ہزار سے زائد پنجاب، 2 لاکھ 62 ہزار خیبرپی کے، ایک لاکھ 67 ہزار سندھ، 22 ہزار 700 اسلام آباد، 19 ہزار 600 بلوچستان، 3421 گلگت بلتستان جبکہ 619 شکایات آزاد جموں و کشمیر حکومت کے خلاف موصول ہوئیں۔ وفاق میں سب سے زیادہ شکایات بجلی اور توانائی سے متعلقہ تھیں جن کی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار سے زائد رہیں،پنجاب میں سب سے زیادہ میونسپل سروسز سے متعلقہ شکایات رہیں، باقی صوبوں میں بھی میونسپل سروسز سے متعلقہ شکایات کا تناسب زیادہ رہا۔ سب سے زیادہ شکایات نمٹانے کی شرح وفاق اور خیبرپی کے میں 95 فیصد رہی ، پنجاب میں94، سندھ 86، اسلام آباد 78، بلوچستان 89، گلگت بلتستان 84، آزاد جموں و کشمیر 85 فیصد رہی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل پر 11 لاکھ غیر ملکی بھی رجسٹرڈ ہیں۔