افغانستان :چھاپے ،بم دھماکہ، 3 اہلکار،داعش کا فرضی گورنر،2 جنگجو ہلاک
کابل +جلال آباد(شنہوا+ نیٹ نیوز) افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا میں فورسز کی گشتی ٹیم کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی (این ڈی ایس ) اہلکار اور 19شہری زخمی ہوگئے جبکہ صوبے ننگرہار میں داعش عسکریت پسندوں کا فرضی گورنر ہلاک اور 2جنگجوگرفتار کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عبدالرحمن نے بتایا کہ بم کار میں نصب کیا گیا، جس نے گردیز میں افغان سکیورٹی فورسز کی گشت پر مامور ٹیم کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں مارکیٹوں اور کاروباری مراکزکو تباہ اور بھاری نقصان پہنچا ہے۔علاوہ ازیں ننگر ہار ی مقامی حکومت نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے اہلکاروں نے گزشتہ شب ضلع چپرہار میں ایک خصوصی کارروائی کی۔ جلال آباد کے جنوبی ضلع میں چھاپے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ننگرہار کیلئے داعش کا فرضی گورنر ہدایت اللہ ہلاک اور 2 عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونیوالا داعش کا عہدیدار خودکش جیکٹیں اور دیسی ساختہ بم بنانے کا بھی ذمہ دار تھا۔ این ڈی ایس فورسز نے کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا ہے۔