سیاسی بیان بازی اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنا چیلنج بن سکتا ہے: فافن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی کے بعد فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ فافن اور ٹرسٹ فار ڈیمو کریٹک ایجوکیشن اینڈ اکائونٹبلیٹی کی کووڈ 19 پر پہلی رسپانس مانیٹرنگ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ فافن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاست بازی اور کرونا وائرس سے متعلق متعارف کرائے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنا چیلنج بن سکتا ہے۔ روک تھام کیلئے حکومت کی طرف سے مزید سنجیدہ اور خصوصی اقدامات نا گزیر ہیں۔ فافن رپورٹ کے مطابق فرنٹ لائن پر اس مرض کا مقابلہ کرنے والوں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کی استعداد کار کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ کرونا ٹیسٹوں کے فقدان، قرنطینہ کی صلاحیت اور وینٹی لیٹرز جیسی اہم ضرورتوں کی شدید کمی کا خدشہ ہے۔ کرونا کی دوسری لہر میں گورننس کے سنگین چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ توجہ نہ دی گئی تو کرونا کی پہلی لہر میں حاصل کامیابیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔ طبی عملہ‘ منتخب عوامی نمائندے اور سول سوسائٹی تنظیموں سمیت اس وبا سے نمٹنے والے مختلف متعلقہ کردار فعال ہیں۔