معذورافراد معاشرے کا کمزور طبقہ،ملکر مسائل حل کئے جائیں،صدر علوی
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جسمانی طور پر معذور افراد کو مالی امداد وصول کرنے والے شہریوں میں شامل کرنے پر زور دیا ہے تا کہ وہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ جسمانی طور پر معذور افراد کو زندگی کے دھارے میں لانے کیلئے ان کی مدد کی جانی چاہیے اور انھیں معاشی طور پر با اختیار بنایا جانا چاہیے۔ وہ ایوان صدر میں معذور افراد سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر اور مختلف بینکوں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ جسمانی طور پر معذور لوگ معاشرے کا ایک کمزور طبقہ ہیں۔ یہ سوسائٹی کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایسے مخصوص افراد کو احساس پروگرام کے تحت دی جانیوالی مالی امداد سے آگاہ کیا۔ گورنر سٹیٹ بنک نے اس حوالے سے مختلف بینکوں کے سربراہوں اور مالیاتی اداروں کے کرتا دھرتا افراد سے ملاقاتوں کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ معذور افراد کی امداد کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔