نااہل ٹولے کیخلاف،عوام کا سمندر فیصلہ کرے گا
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ ورکرز کنونشن نے ثابت کر دیا فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے۔ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو مہنگائی سے دوچار کیا ۔ پی ڈی ایم اس حکومت کا خاتمہ کرے گی۔ اس حکومت کو جانا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو آنا ہے۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا کہ لاہور جلسہ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے دس ہزار کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانا ہے۔ ایک وفاقی وزیر نے کہا تھا شادی ہال میں پروگرام کرنا ان کے پاس لوگ نہیں ہیں۔ 13 دسمبر کو نالائق اور نااہل ٹولے کے خلاف عوام کا سمندر فیصلہ کرے گا۔ نااہل ٹولے نے ڈھائی سال میں صرف انتقام لیا۔ کوئی بڑا منصوبہ نااہل حکومت نہ دے سکی۔ حکومت کرونا کے پیچھے جتنا چھپ جائے قوم اب نہیں چھوڑے گی۔ عمران خان نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ نوازشریف کا موقف ہے ملک آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہئے۔ عمران نیازی کا تجربہ ناکام ہوا۔ مزید کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ نوازشریف نے زمین دی اور اس نے ہسپتال بنایا۔ لاہور جلسہ میں جلوس کی شکل میں جائیں گے ۔ لاہور میں کہیں روکیں گے تو ہر جگہ جلسہ ہوگا۔ نوازشریف کی والدہ کے انتقال پر سفاکی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مخالفین کے خلاف جھوٹے ریفرنس بنائے گئے۔