• news

آئندہ الیکشن میں یوتھ کے ذریعے پولنگ بوتھ پر سرپرائز دینگے: سراج الحق

 لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں یوتھ کے ذریعے پولنگ بوتھ پر سرپرائز دیں گے۔ جمہوریت کے نام پر جدوجہد کرنے والی نام نہاد سیاسی پارٹیاں سماج اور جمہور کا مذاق اڑا رہی ہیں۔ 73سالوں میں ظالم اشرافیہ نے ملک میں اسلامی نظام کو نافذ نہیں ہونے دیا۔ مہنگائی ناقابل برداشت، بے روزگاری نے ملک میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا اور بندگلی میں دھکیل دیا۔ جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کو ٹکٹ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ بورڈ کے منصورہ میں ہونے والے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ ملک میں جمہوریت کے نام پر سیاست کرنے والی اکثر پارٹیاں خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا ہیں۔ اگر ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت کا تسلسل ہی رکھنا تھا تو پھر ملک کو آزاد کرانے کا کیا فائدہ ہوا۔ مغربی استعمار کے ایجنٹوں نے عوام کو غربت و بے روزگاری کے تحفے دیے اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا۔ 7.7 ٹریلین روپے کے بجٹ میں سے 3ٹریلین روپے قرضہ کی قسطوں اور سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے اور صرف 650؍ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جاتے ہیں، جن میں سے بھی آدھی رقم کرپشن کی نذر ہو جاتی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ تمام مسائل کو حل کر دے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا اور صرف اڑھائی سالوں میں ہی ان کو ذہنی مریض بنا دیا۔ جماعت اسلامی نے عوام کی آواز کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک بھرپور عوامی مہم شروع کی ہے۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جاری مہم کے دوسرے فیز کا آغاز گوجرانوالہ سے ہو گا۔ قبل ازیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہزادہ اور شہزادیوں کی سیاست نے غریب کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔ اسلام اس باطل زدہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنے کا درس دیتا ہے۔ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف جاری تحریک کے دوسرے فیز کا آغاز 25دسمبر کو گوجرانوالہ میں بھرپور عوامی جلسے سے کر رہی ہے۔ یہ فیصلہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی زیر صدارت منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں کیا گیا۔ مہم کے دوسرے فیز کا آغاز گوجرانوالہ سے 25دسمبر کو ہو گا جب کہ 27دسمبر کو کرک اور 31جنوری کو سرگودھا میں جلسے ہوں گے۔  قیصر شریف نے کہا کہ تحریک کے اگلے مرحلے میں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کا رخ کیا جائے گا۔ دریں اثناء سراج الحق سے منصورہ میں سجادہ نشین عالیہ دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پیر دیوان مودود مسعود، سجادہ نشین عالیہ دربار حضرت خواجہ غلام فریدؒ کوٹ مٹھن خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، سجادہ نشین عالیہ دربار حضرت میاں میر بالا پیرؒ پیر علی رضا شاہ گیلانی القادری، پیر اختر رسول قادری ، پیر ڈاکٹر طارق شریف زادہ، پیر سید حیدر علی شاہ، پیر محمود فرید الدین  نے والدہ  کے انتقال پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔ میاں مقصود احمد،  پیرزادہ برھان الدین  اور پیر سید لطیف الرحمن شاہ بھی  پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن