سندھ پولیس میں کرپشن ‘ نیب نے شہید اہلکاروں کے ورثا کو ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگ لیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ پولیس میں کرپشن کے معاملے پر نیب کراچی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کوادا کئے گئے معاوضے کاریکارڈ مانگ لیا۔ نیب نے اسسٹنٹ آئی جی ویلفیئرسندھ پولیس سے تمام ریکارڈ پیش کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔ چاربرس کے دوران شہید اہلکاروں کے ورثا کو کی گئی ادائیگیوں کاریکارڈمانگا، نیب حکام کے مطابق مالی سال 2012 سے 2016 تک کا ریکارڈ طلب کیاگیا ہے۔ پولیس کے ڈی ڈی اوز شہید پولیس اہلکاروں کی ڈسٹرکٹ کی سطح پرفہرست بھی طلب کی گئی ہے۔ نیب خط کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کیلئے کی گئی سکروٹنی کاریکارڈ بھی مانگا گیاہے، اہلکاروں کے میڈیکل سرٹیفکیٹ اوردیگر دستاویزات بھی مانگے گئے ہیں۔