خلیجی عرب ممالک کے درمیان مفاہمت کیلئے امیر کویت کا کردار قابل تحسین‘ طاہر اشرفی
لاہور(اے پی پی) برادر اسلامی عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، امیر کویت نواف الاحمد جابر الصباح کی طرف سے خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی کوششیں قابل ستائش عمل ہے، سعودی عرب ، قطر اور دیگر خلیجی عرب اسلامی ممالک کی طرف سے برادر اسلامی ممالک میں معاملات کی اصلاح کی کوششوں کا خیر مقدم امت مسلمہ کیلئے نوید صبح ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں اور امت مسلمہ وحدت اور اتحاد سے مسئلہ کشمیر کا فلسطین اور دیگر امور کو حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی عرب ممالک کے درمیان مفاہمت کیلئے امیر کویت کا کردار مستحسن ہے اور تمام اسلامی عرب ممالک کی طرف سے اس کی تائید سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی عرب ممالک کے ساتھ ہر مرحلہ پر کھڑا ہے اور پاکستان کے عرب اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، پاکستان کسی بھی دوست ملک کی داخلہ و خارجہ پالیسی میں نہ مداخلت کرتا ہے اور نہ ہی اپنی داخلہ و خارجہ پالیسی میں کسی کو مداخلت اور دباؤ کی اجازت دیتا ہے، ہم امید کرتے کہ امیر کویت کی کوششوں کے نتیجہ میں خلیجی عرب ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے اور مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔