بحرین کرونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا اسلامی ملک
منامہ (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کے بعد بحرین نے بھی کرونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی۔ امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی کرونا ویکسی نیشن کے استعمال کی منظوری کے بعد بحرین برطانیہ کے بعد دنیا کا دوسرا ملک جبکہ پہلا اسلامی بن گیا ہے۔ بحرین کی قومی ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کرونا کی ویکسین سب سے پہلے ہائی رسک گروپوں کو دی جائے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق حکام نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ بحرین کرونا کی کتنی ویکسین خریدے اور ویکسی نیشن کا عمل کب سے شروع کیا جائے گا۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ بحرین پہلے ہی ایمرجنسی کے لیے چین کی ویکسین کے استعمال کی بھی منظوری دے چکا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق 1.6 ملین کی آبادی پر مشتمل بحرین میں اب تک کرونا کے 87 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 341 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ جب کہ 85 ہزار سے زائد افراد وائرس سے صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب بائیو این ٹیک کا کہنا ہے کہ کمپنی اب تک دنیا بھر میں آئندہ سال کے لیے 570 ملین خوراکوں کے معاہدے کرچکی ہے جس میں مزید 600 خوراکوں کی ترسیل کا آپشن بھی شامل ہے۔