حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونے تک تحریک جاری رہے گی، فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں: فضل الرحمن
لکی مروت ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک اس وقت تک چلتی رہے گی جب تک تمہارا دھڑن تختہ نہیں ہوگا۔ لکی مروت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھا کہ 13 دسمبر کو ہونے والے لاہور کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ملکی معیشت کو موجودہ حکومت نے تباہ کردیا، نااہل حکمرانوں کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ سب کو آئین کے دائرے میں رہنا ہوگا۔ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو قانونی شکل دیدی۔ امیر جمعیت علمائے اسلام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نا اہل حکمران نہیں آیا، امت مسلمہ اس وقت یتیم ہے، اسرائیل کو بالادستی دلائی جا رہی ہے۔