لاہور جلسہ: مریم نواز جاتی امرا سے موٹرسائیکل ریلی کی قیادت کرینگی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے 13 دسمبرکو لاہور میںپی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ نے جلسے سے قبل عوامی رابطہ مہم، ریلیوں اور جلسوں کا شیڈول بھی جاری کردیاگیا ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں رانا مشہود اور سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان کا چیلنج قبول کرتے ہیں، مینار پاکستان پر ان سے بڑا جلسہ کرکے دکھائیں گے۔ جلسے کوکامیاب بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے، مریم نواز شہریوںکو متحرک کرنے خود شہرکے دورے کریں گی اور مختلف جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کریں گی، اس کے علاوہ وہ جاتی امراء سے نکلنے والی موٹر سائیکل ریلی کی قیادت بھی کریں گی۔ اگر مینار پاکستان پر جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پورے لاہور میں جلسے ہوں گے۔ سائرہ افضل نے کہا کہ مریم اگرجیل گئیں تو سیاسی طور پرمتحرک ہونے کی وجہ سے جائیں گی کسی جرم کی وجہ سے نہیں، عمران خان اب سوچ لیں انھوں نے عزت سے گھر جانا ہے یا عوام ان کو نکال باہر کریں۔ ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ حکومت کیوجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے، عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی عذاب ہوچکا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز آج ( اتوار)دوپہر دو بجے کھوکھر پیلس ایوب چوک جوہر ٹائون میںسوشل میڈیا کے نوجوانوں سے خطاب کریں گی۔ مریم نواز کی ہدایت پر ایم ایس ایف ،یوتھ ونگ اور شیر جوان فورس کے جوانوں کو بھی مدعو کر لیا گیا ہے۔