بھارت نے چین کیساتھ پانی کی جنگ بھی چھیڑ دی
اسلام آباد ( جاوید صدیق ) بھارت نے چین کیساتھ پانی کی جنگ بھی چھیڑ دی ہے۔ چین نے دریائے یار لونگ زونگ بو پر سُپر ڈیم بنانے کا جو اعلان کیا ہے،اسے متنازعہ بنانے کیلئے بھارتی میڈیا نے مہم شروع کر دی ہے۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ سپر ڈیم کے ذریعے چین تبت کے پانی کو بھارت کیخلاف استعمال کرے گا۔ مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین کا سپر ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ در اصل چین بھارتی سرحدی تنازعہ کا شاخسانہ ہے۔ ہندوستان ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ چین تبت میں نوے ہزار مربع کلو میٹر علاقے کے بارے میں دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ چین کا علاقہ ہے۔ چین جو ڈیم تعمیر کر رہا ہے وہ ہندوستان کی سرحد سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ ڈیم بنا کر چین دریائے برہم پترا کے پانی کو کم کر دے گا اور یہ ڈیم چین کے سب سے بڑے ڈیم تھری گارجز ڈیم سے بھی تین گنا زیادہ بجلی پیدا کرے گا۔