• news

کنٹرول لائن: وادی نیلم کے پہاڑوں پر بھارتی فوج کی گولہ باری، علاقہ لرز اٹھا

نیلم (نامہ نگار) سیز فائر لائن نیلم ویلی کے پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کی گولہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وقفہ وقفہ کے بعد انڈین توپوں کی گھن گرج سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز علی الصبح وادی نیلم شاہ کوٹ‘ کیرن سیکٹر کے برف پوش پہاڑوں پر بھارتی فوج کی طرف سے مارٹر گولوں کی گھن گرج کی آوازوں سے علاقے لرز اٹھے۔ شاہ کوٹ سیکٹر کے پہاڑوں کسر کوٹ، راٹہ، بگنہ کے جنگلوں اور پہاڑوں پر بھارتی فوج کی گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ لاک ڈائون اور برف باری کے مارے نیلم ویلی کے شہر یوں پر بھارتی فوج کی گولہ باری کا خوف بھی طاری ہو گیا۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر آٹھمقام اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں نے ٹھنڈے زمین دوز بنکرز میں پناہ لے لی۔ جبکہ لاک ڈائون ایس او پیزکے تحت کھلی چند ایک دکانیں بھی بند ہوگئیں۔ لاک ڈائون، برف باری کے مارے نیلم ویلی کے شہریوں پر بھارتی فوج کی گولہ باری نے شہریوں کو خوف زدہ کردیا۔ پاک بھارت کشیدگی میں کشمیریوں کو تختہ مشق بنانے کے سلسلے میں کشمیریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ نیلم ویلی کے شہریوں نے سیز فائر لائن معاہدے میں توسیع کی اپیل کی ہے۔ لائن آف کنٹرول کے شہریوں کو جینے کا حق دیا جائے بصورت دیگر شہری امن مارچ میں سفید جھنڈے لہرائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن