• news

وزیراعظم پرسوں سیالکوٹ میں 17 ارب روپے کے منصوبوں کا اعلان کرینگے: عثمان ڈار

سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیالکوٹ آ رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان سیالکوٹ کے لئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کرینگے۔ اگلے تیس سال کے لئے سیالکوٹ کے لئے سترہ ارب روپے کے منصوبے شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائیر سیال کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں تعمیرو ترقی کے نئے دور کو شروع کرنے جا رہے ہیں۔ کرپشن سے پاک معاشرے کی تعمیرنو کریں گے۔ کرپشن فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ عمران خان ایک عظیم سیاسی رہنما ہیں جن کی قیادت میں سیالکوٹ میں پانچ اعشاریہ ایک ارب روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بننے جا رہا ہے۔ اپوزیشن کے جلسے ملکی معیشت کو ٹریک سے ہٹانے کی سازش ہے۔ سیالکوٹ شہر اقبال کے شاہینوں کی اونچی اڑان زوروں سے جاری ہے۔ سیالکوٹیوں کی اپنی ائیرلائن اڑان بھرنے کو تیار ہے اور پہلا طیارہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچ گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیال ائیر لائن کا افتتاح کریں گے اور سیال ائیر لائن کا پہلا جہاز سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچ گیا ہے۔ دیگر 2 جہاز چند دنوں میں سیالکوٹ پہنچ جائیں گے۔ رواں ماہ  ائیر لائن آپریشن شروع کرے گی۔ صنعتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی سے ائیر پورٹ بنایا اور اب ائیر لائن کا خواب سچ کر دکھایا ہے۔ حکومت صنعتی برادری کے ساتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن