لاہور میں میگا پراجیکٹس کے لئے اربوں روپے کے پیکج کی منظوری ، اپوزیشن زندگیوں سے نہ کھیلے: عثمان بزدار
لاہور( نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہورکی ترقی کے لئے اربوں روپے کے خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کی۔ اجلاس میں لاہور کے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور کے فیروزپور روڈ پر ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بنایا جائے گا۔ 400 بستر جنرل، 400 بستر کارڈیالوجی اور 200 بستروں پر مشتمل بلڈ ڈیزیزکا ہسپتال بنائیں گے۔ یہ ہسپتال ارفع کریم انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی اراضی پر بنایا جائے گا۔ ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہسپتال کے قیام کیلئے محکمہ صحت کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اوور ہیڈ برج تعمیرکیا جائے گا اور اس منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور 2 کلو میٹر طویل اوور ہیڈ برج نولکھا تھانے سے شروع ہو گا ۔ شاہکام چوک پر بھی اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا منصوبہ شروع کریں گے اوراس منصوبے پر 1 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ لاہور میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے 10 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ ایل ڈی اے سٹی میں کم آمدن والے طبقے کے لئے پہلے مرحلے میں 4 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے اور اس منصوبے پر 40 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 8 ہزار کنال اراضی پر 35 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیر اعلی نے اپارٹمنٹس کے حوالے سے سمری کو 7 روز میں وزیر اعلی آفس بھجوانے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ 31 دسمبر تک منصوبے کا پی سی ون تیار کر کے منظور کرایا جائے۔ لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر جدید بس ٹرمینل بنایا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ 10 دسمبر تک بس ٹرمینل کا ڈیزائن تیار کرے۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ بند روڈ پر سمن آباد کی جانب جانے والے چوک پر ٹریفک کی روانی کیلئے انڈر پاس بنایا جائے گا۔ فیروز پور روڈ پر گلاب دیوی ہسپتال کے قریب بھی انڈر پاس بنائیں گے۔ کریم بلاک مارکیٹ چوک پر فلائی اوور اور انڈرپاس بنائیں گے۔ میگا پراجیکٹس لاہور کا حق ہے جو ہم دے رہے ہیں۔ شہرکی ضروریات اور شہریوں کی سہولت کے پیش نظر یہ منصوبے ضروری ہیں۔ وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے۔ لاہور شہر کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے ان منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کریں گے - ان منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ جو تاخیر کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ علاوہ ازیں صوبے میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر ایکسپو سنٹر لاہور میں کرونا فیلڈ ہسپتال کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ایکسپوسنٹرمیںاز سرنو فعال کئے جانے والے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور فیلڈ ہسپتال میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ان کے جذبے کی تعریف کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ایکسپو سنٹر کے فیلڈ ہسپتال میں آکسیجن والے 300بیڈز کا انتظام کیا گیا ہے اور پورٹیبل وینٹی لیٹرز بھی فیلڈ ہسپتال میں موجود ہیں۔ کرونا فیلڈ ہسپتال میں آؤٹ ڈور مریضوں کا علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے۔ لاہور کرونا سے بہت زیادہ متاثر ہے۔ صورتحال تشویشناک ہے لیکن حکومت کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔ حکومت تمام ضروری احتیاطی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ آکسیجن کا وافر سٹاک رکھا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔ اجتماعات پر پابندی ہے، خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ اپوزیشن اجتماعات کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے۔ غیر قانونی اجتماعات پر قانون حرکت میں آئے گا۔ دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سندھ کے ثقافتی دن پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلی آفس میں سندھی ثقافت کے دن کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے-معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور ، لاہور آرٹس کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمن رائے اور دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں وزیر اعلی عثمان بزدار ، فردوس عاشق اعوان اور سیکرٹری اطلاعات کو سندھی اجرک کی چادریں پہنائی گئیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کو سندھ کے معروف لوک گلوکار علن فقیر مرحوم کا پورٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے۔ سندھ کی ثقافت پاکستان کی ثقافت کی خوبصورتی ہے اور ہماری سب ثقافتیں سانجھی ہیں۔ سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ سندھ میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں۔ پنجاب میں سندھ کی ثقافت کا دن منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔