• news

سندھی ثقافت کا دن‘ اجرک‘ ٹوپی کیساتھ گیت‘ رقص‘ جشن

لاہور، کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) سندھ بھر میں سندھی  ثقافت کا دن منانے کیلئے ہزاروں سندھی بچے، بوڑھے و نوجوان ٹوپی، اجرک پہن کے سڑکوں پر نکل آئے۔ ہر طرف سندھی رقص اور سندھی گیتوں کی بہار آ گئی۔ گلی‘ محلے شہر و دیہات سندھی ثقافت کی خوشیوں  سے بھر گئے۔  معروف  گلوکاروں نے سندھ دھرتی کے نغمے و گیت گائے۔ کراچی، حیدرآ باد، میرپور خاص‘ سکھر‘ نوابشاہ‘ خیرپور‘ لاڑکانہ‘ شکارپور‘ دادو‘ ٹھٹہ‘ گھوٹکی اور تھرپارکر سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کے پریس کلب اور آرٹس کونسل سمیت دیگر ثقافتی اداروں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے پیغام میں کہا ہماری سندھی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں سے ایک ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے ہم یہ دن احتیاط سے منائیں گے۔ گورنر سندھ عمران  اسماعیل گورنر ہاؤس میں سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کیا۔ گورنر سندھ نے  کہا کہ سندھ ایک ہے اور ایک رہے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن اپنی ثقافت سے محبت اور دوسروں کی ثقافت کے احترام کا دن ہے۔ سندھ دنیا کی خوبصورت تہذیب کا گہوارہ ہے‘ ہمیں فخر ہے کہ ہم سندھ دھرتی پر پیدا ہوئے اور سندھیوں، تہذیب میں پروان چڑھے۔ سابق صدر آصف زرداری نے سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تمام شہریوں کی مادری زبان اور ثقافتوں کا گلدستہ ہے۔ ثقافت کی بقا کیلئے  ضروری ہے کہ شدت پسندی کی مزاحمت  کی جائے۔ سندھ پیار، محبت والوں کی دھرتی ہے اور حملہ آوروں کی مزاحمت کی تاریخ کی وارث ہے۔ سندھ بھرکی طرح شکار پور میں  ریلیاں نکال کر جمانی ہال چوک پر تقریبات منعقد کی گئیں۔ جس میں سندھی گیتوں پر رقص کیا گیا۔ علاوہ ازیں قونصلیٹ اور جرمن قونصلیٹ نے سندھی ثقافت کے دن پر منفرد انداز میں مبارکباد دی۔ امریکی قونصلیٹ کے اہلکاروں نے کہا کہ ہم سندھ کی ثقافت کے دن عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ جرمنی کے قونصل جنرل نے جرمن لباس اور سندھی لباس میں اپنی ویڈیو جاری کی اور مبارکباد دی۔ امریکی قونصل جنرل نے سندھی زبان میں مبارکباد کا پیغام دیا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا میں مقیم سندھیوں کو اعلیٰ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن