• news

جلسے و ریلیاں: فیصل آباد 2500، لاہور 500 راولپنڈی میں 11 افراد کے خلاف مقدمے

فیصل آباد + راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرزکنونشن میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تھانہ سرگودھا روڈ میں 2500 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تاہم کسی فرد کو نامزد نہیں کیا گیا۔ کریسنٹ گراؤنڈ میں ہونے والے (ن) لیگ کے ورکر کنونشن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، لیگی رہنما احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور اویس لغاری نے شرکت کی تھی۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے لیگی ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز بھی ورکرز کنونشن میں شامل تھے۔ ہوائی فائرنگ کرنے والے دو بھائی میاں عرفان اور میاں عمران پولیس نے گرفتار کر لئے۔ راولپنڈی میں پی ڈی ایم کے مقامی رہنماؤں کیخلاف ریلی نکالنے پر تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں ن لیگ اور جے یو آئی کے11 افراد کو نامزد کیا گیا۔ ریلی ان میں جے یو آئی (ف) کے امیر ڈاکٹر ضیاء الرحمن امازئی‘ مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر سابق ایم این اے ملک ابرار احمد‘ سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان‘ سابق ایم این اے حاجی پرویز خان‘ ملک افتخار احمد‘ ملک عمر فاروق اور دیگر شامل ہیں۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ریلی میں کرونا ایس او پیزکا خیال نہیں رکھا گیا۔ لاہور کے علاقے گلشن راوی میں مسلم لیگ نے کے جلسہ کرنے پر تھانہ شیرا کوٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ 500 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں 18 قائدین بھی شامل ہیں۔ 16 ایم پی او اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں ایاز صادق‘ جاوید لطیف‘ سعد رفیق‘ مہر اشتیاق‘ رانا مشہود اور عطا تارڑ و دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن