غیرملکی قرضے معیشت کو نگل رہے ہیں:ذوالفقارخان
لاہور( سٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیکس فورم کے چیئرمین ذوالفقار خان نے کہاہے کہ ریاست کے معاملات چلانے کیلئے غیر ملکی قرضے اژدھا کی صورت اختیار کر رہے ہیں جو حکومت کے بہتراقدامات او رمعیشت کو بھی نگل رہے ہیں ،حکومت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر تمام ٹیکسز ختم کر کے صرف20فیصد پرچیز ٹیکس کاتجربہ کرے اور دعویٰ ہے کہ حکومت اسے پورے ملک میں نافذ کرنے پر مجبو رہو جائے گی ۔ ٹیکس بارز کے نمائندوں اور ٹیکس کنسلٹنس کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آبادی کے لحاظ سے دیکھا جائے تو ہم جو ٹیکس اکٹھا کر رہے ہیں اس سے ہم آئندہ سو سال تک بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہیں ہو سکتے ۔ آبادی کی شرح بڑھ رہی ہے لیکن حکومت کو اپنے مقررہ کردہ ٹیکس اہداف میں کمی کرنا پڑتی ہے جوناکامی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ 22کروڑ آبادی والے ملک میں 4968ارب کا ٹیکس ہدف بھی چیلنج بنا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے موثر پالیسیوں کا فقدان ہے۔