گھریلو جھگڑے فیصل آباد خاتون،سائیوال میں ایک ہی دن4افراد کی خود کشی
ساہیوال+ فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت + آن لائن) ساہیوال میں گھریلو تنازعات پر ایک شادی شدہ خاتون، دو 15سالہ لڑکیوں اور ایک 14 سالہ طالبعلم نے خودکشی کر لی۔ جبکہ فیصل آباد میں بھی شادی شدہ خاتون نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ بستی محمد پورہ کے محمد ندیم کی 20 سالہ نو بیاہتا بیوی اللہ معافی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر خاوند سے جھگڑا کیا اور کالا پتھر زہر پی لیا۔ گڑھ فتح شاہ کے محمد اکبرکی15سالہ بیٹی نورین نے والدین سے جھگڑ کر کالا پتھر زہر پی کر خودکشی کر لی۔ قبولہ سے مہمان آئی ہوئی غلام فرید کی15سالہ بیٹی امینہ نے کالا پتھر زہر پی کر خودکشی کر لی۔ عارف والہ سے تعلیم کے لئے آئے ہوئے جہانگیر کے14سالہ بیٹے آصف نے گھریلو تنازعہ پر والدین سے جھگڑ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ چاروں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال ایمرجنسی میں دم توڑ گئے۔ فیصل آباد آن لائن کے مطابق گھریلو حالات سے دل برداشتہ خاتون نے کالا پتھر کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ نواحی علاقہ گڑھ فتح شاہ کی رہائشی 20 سالہ ساجدہ زوجہ بابر نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر کالا پتھر نگل لیا اور زندگی کی بازی ہار گئی۔