• news

آئین‘ قانون کی حفاظت میں ناکام اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں: مسلم لیگ (ن)

لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنا بیانیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے وہ بیان دیا جو 73 سالہ تاریخ میں کوئی نہ کر سکا۔ آج گھر گھر مہنگائی کا رونا ہے۔ آپ کی مشکلات کی وجہ آئین سے انحراف ہے۔ ہمارا اختلاف اس سوچ سے ہے جو ووٹ کو چوری کرتی ہے۔ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر آپ نے ثابت کرنا ہے کہ لاہور جاگ رہا ہے۔ لاہور میں غازی آباد جلسہ اور کارنر میٹنگ سے خطاب میں انہوں نے کہا آج جب قربانی کی باری آئی تو نواز شریف سب سے پہلے جیل گئے لیکن حکمران تمام سرکاری مشینری کے استعمال کے باوجود ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے۔ ہم نے ووٹ کو عزت دو کی بات کرنی ہے۔ جو الیکشن چوری ہوا، یہ مہنگائی اس کی وجہ سے ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آئین اور قانون کی حفاظت میں ناکام اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں، تیرہ دسمبر کا جلسہ آئینی بالا دستی کا فیصلہ کرے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف وزرات عظمیٰ کی نہیں بلکہ آئین کی سربلندی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی صاحبزادی بھی آپ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ سابق سپیکر اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے رہنے کا جواز ختم ہو گیا ہے اب عوام نے انہیں گھر بھیجنے کافیصلہ کر لیا ہے اور عوام نے اپنا مینڈینٹ پی ڈی ایم کے جلسوں میں واضح کر دیا ہے۔ اب اس حکومت کا جانا ہی ملک کے لئے بہتر ہے ،کارنر میٹنگز سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا خطاب میں یہ بھی کہنا تھا کہ آئین کی بحالی اور قانون کی بالا دستی کا 13 دسمبر کو لاہور میں فیصلہ ہوگا۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے ماڈل ٹاؤن میں لیگی کارکنوں سے گفتگو میں کہا کہ 13 دسمبر کے جلسے کی وجہ سے حکمرانوں کی ابھی سے ٹانگیں کانپنا شروع ہو گئی ہیں اور وہ اسی بوکھلاہٹ میں دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، جس نے خود این آر او لیا ہو وہ دوسروں کو کیا دے گا، جتنی ایف آئی آر ہو رہی ہیں ان کا حساب لیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن