• news

راجکماری سن لے حکومت جلسوںسے جانے والی نہیں‘ 13 دسمبر کا شو فلاپ ہو گا: فردوس  عاشق

سیالکوٹ‘ گوجرانوالہ (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا کنونشن میں ایک راجکماری نے عوامی وزیراعظم کو چیلنج کیا ہے۔ وزیراعظم آئینی اور عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں۔ یہ حکومت جلسے جلوسوں سے نہیں جائے گی۔ آج لاہور میں شوبازوں نے شوبازی کی ہے۔ آج جمہوری وزیر اعظم کی ذات کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔ ملک دشمن بیانے سے باز رہا جائے۔ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کا جلسہ فلاپ ہو گا اور ان کا آخری ٹھکانہ جیل ہے۔ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت کام کر کے دنیا بھر میں مثال قائم کی۔ وزیر اعظم 9 دسمبر کو سیالکوٹ کے صنعتکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور عثمان ڈار حکومتی وکیل اور عوام کے ترجمان ہیں۔ وزیراعظم کا دورہ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کیلئے امید کا چراغ ثابت ہو گا۔ وفاقی اور پنجاب حکومت صنعتکاروں کے ساتھ ہیں۔  ائیر سیال کی لانچنگ دنیا بھر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ائیر سیال پوری قوم کی دلوں کی دھڑکن بننے جا رہی ہے اور اس سے سیاحت میں اضافہ ہو گا۔ دریں اثناء ائر سیال اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے  فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ناصرف صوبائی حکومت اور مرکزی حکومت کو اربوں روپے کے ٹیکس دیتا ہے بلکہ ملک کو اڑھائی ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کما کر دیتا ہے۔ اس شہر کو عالمی سطح پر بھی جانا اور مانا جاتا ہے۔ ان تمام عوامل کے باوجود بدقسمتی سے ماضی میں اس شہر کے باسیوں اور ان کے مسائل کو بری طرح نظرانداز کیا گیا اور سیاسی مسخروں نے محض شوبازی پر اکتفا کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت سیالکوٹ اور اس کے شہریوں کے لئے بہت کچھ کر رہی ہے اور بہت کچھ کرنا چاہتی ہے۔ اس شہر کو لاہور اور دیگر بڑے شہروں کے برابر لانا ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر سیالکوٹ میں 40 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں ۔سیالکوٹ میں کثیر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ جاری ہیں۔ بچوں کے لئے معیاری اور مفت تعلیم یقینی بنانے کیلئے سیالکوٹ میں 52 سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، سیالکوٹ میں 5 ارب روپے کی لاگت سے 250 بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیالکوٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 168 زیر تکمیل اور نئے ترقیاتی منصوبے 27ارب 58 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔ ان میں لوکل گورنمنٹ فراہمی و نکاسی آب، اوقاف، سپورٹس، اریگیشن، صحت، تعلیم، روڈز سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام فیز ون کے 113 ترقیاتی منصوبے ایک ارب ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم بی بی کے اعلان سے پی ڈی ایم کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے اور بہت جلد پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر جائے گا ملکی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا اصل ٹھکانہ جیل ہے جو باری باری اپنے مقدمات کے فیصلے  سن کر جیل کی  سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے جس  اپوزیشن نے قومی معیشت کو  تباہی سے دوچار کیا اس نے اپنے ملک دشمن بیانیہ سے اپنی رہی سھی ساکھ   بھی ختم کر دی ہے اور عوام بار بار ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن