• news

وزیراعظم صاحب آپ سے این آر او نہیں استعفیٰ چاہئے: کائرہ

لاہور‘ اسلام آباد‘ کرمانوالہ (نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی+ این این آئی)  پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ  نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب ہمیں این آر او نہیں، آپ کا استعفیٰ چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان کے  انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ  نے کہا مشرف ہمیں این آر او دینے والا کون تھا، ہم نے تو اس سے استعفی لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا آپ جتنے چاہو مقدمے درج کرو، لاہور کا جلسہ پوری طاقت سے ہو گا۔ وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کی بوکھلاہٹ بتا رہی ہے کہ یہ جانے والے ہیں۔ وزیراعظم ڈلیور کرنے میں ناکام ہو چکے۔ اب ان کا صرف دھمکیوں پر گزارا ہے لیکن اب عوام نکل آئے ہیں۔ جعلی دھمکیاں اور بدتمیزیاں ان کو بچا نہیں سکتیں۔ قمر زمان کائرہ  نے کہا  کہ وزیراعظم کی ہر تقریر میں تکبر جھلکتا ہے، یہی ان کے زوال کی بڑی نشانی ہے۔ کرمانوالا سے این این آئی کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ لاہور جسلہ میں بلاول بھٹو زرداری بھی شرکت کرینگے۔ پی ڈی ایم کا مینار پاکستان کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہو گا۔ اگر حکومت نے بزدلانہ حرکتیں کرنے کی کوشش کی تو پھر جیالے ملتان کی تاریخ دوہرائیں گے۔ جلسہ بھی ہو گا، کرسیاں بھی لگیں گی، ڈھول بھی بجے گا اور دمادم مست قلندر بھی ہو گا۔ وہ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری وضلعی صدر پاکستان پیپلزپارٹی اوکاڑہ چوہدری سجاد الحسن سے لاہور جلسہ میں شرکت اور تیاریوں کے سلسلے میں گفتگو کر رہے تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ لاہور کا جلسہ نااہل، سلیکٹڈ اور عوام دشمن حکمرانوں کے لیے موت ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آکسیجن پر چل رہی ہے اور اب آکسیجن بھی ختم ہونے والی ہے۔ دریں اثناء پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پنجاب کا مشاورتی اجلاس آج سوموار کو پیپلزپارٹی پنجاب سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہو گا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم میںشامل تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی سربراہان وفود کے ساتھ شرکت کریں گے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر زمان کائرہ میزبان ہوں گے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن