• news

ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کا آج چوتھا مرحلہ ،محاصر چھاپے جاری وادی چھائونی میں تبدیل

سری نگر(کے پی آئی)بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں آج پیر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مقبوضہ کشمیر میں اضافی فورسز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ کئی مقامات پر محاصروں اور چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ کسی ممکنہ حملے کے پیش نظر جنوبی اور شمالی کشمیر سخت سکیورٹی کے باعث فو جی چھائونی کامنظر پیش کر رہے ہیں۔ یاد رہے نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے پہلے تین مراحل میں کشمیری عوام نے انتخابی عمل میںکوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی ۔ مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا اختتام 19 دسمبر کو ہوگا ووٹوں کی گنتی 22 دسمبرکو ہوگی۔کے پی آئی کے مطابق  بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر ہورہے ہیں اور پنچایت انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ۔ جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں 280 نشستوں پر ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے انتخابی حلقوں کی حد بندی پہلے ہی کی جا چکی ہے۔ نام نہاد بلدیاتی انتخابات میں انتہا پسند جماعت بی جے پی کو انتخابی مہم کی مکمل آزادی رہی جبکہ مخالف امیدواروں کی نقل وحرکت پر پابندی تھی ۔کشمیر میں ایک اور بھارتی فو جی نے خود کشی کر لی ۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں یہ کسی بھارتی فوجی کی تیسری خود کشی ہے ۔ گزشتہ دو ماہ  میں11 بھارتی فوجیوں نے خود کشی کی  جبکہ جنوری 2007 کے بعد سے اب تک 484 بھارتی فوجی خود کشی کرچکے ہیں۔کے پی آئی  کے مطابق گزشتہ روزبھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار36سالہ یوگیش کمار نے  سرینگر کے علاقے وزیر باغ میں قائم کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پرگولی چلاکر خود کشی کر لی۔ یوگیش کمار  کا تعلق بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے مظفر نگر سے ہے۔ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں میں نامساعد حالات کے باعث خود کشی کا رحجان ہے  بھارتی حکومت نے  اس صورت حال کے پیش نظر خود کشی کے رجحان کو کم کرنے کیلئے سرینگر میں ایک سنٹر بھی قائم کیا تھا جہاں کسی بھی ذہنی پریشانی میں مبتلافوجی اہلکاروں کی کونسلنگ کی جاتی ہے تاہم اس سے خود کشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آئی ۔

ای پیپر-دی نیشن