پی ٹی آئی حکومت غریب کیلئے ڈراؤنا خواب، عوام رات دن تبدیلی کو کوستے ہیں: سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت غریب کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔ غربت مہنگائی کے مارے عوام دن رات تبدیلی کو کوسنے پر مجبور ہیں۔ معیشت کو پٹڑی پر ڈالنے کے دعوے کرنے والے آٹے دال کا بھاؤ معلوم کریں۔ آکسیجن نہ ملنے پر خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آٹھ مریضوں کی موت بڑا سانحہ، فوری تحقیقات ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان پور ضلع دیر میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے قبل ازیں جماعت اسلامی ضلع دیر کے سابق ایم پی اے ڈاکٹر ذاکر اللہ کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی دینی ملی اور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ذکراللہ نے زندگی بھر بہترین سیاسی جدوجہد کی اور علاقہ کے عوام کی حکومتی ایوانوں میں بھرپور نمائندگی کی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے دعووں پر عوام کو دھوکہ دینے والوں نے اپنے آدھے دور حکومت میں ہی ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ غریب عوام روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریض ہسپتالوں میں علاج کیلئے آتے ہیں تاکہ ان کی جان بچ سکے مگر ہسپتالوں میں بعض اوقات نااہلی کے ایسے واقعات پیش آتے ہیں کہ عوام کا ہسپتالوںاور ڈاکٹروں پر سے اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جاں بحق ہونے والے مریضوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس ظلم کے خلاف ہر سطح پر ان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا 8 مریضوں کو آکسیجن کا عدم دستیابی سے ہلاکت افسوسناک، واقع کی فوری تحقیقات کی جائے۔ سراج الحق سے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی ملاقات سراج الحق کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور مرحومہ کے بلندی درجات کیلئے دعائے مغفرت اس موقع پر مرکزی علماء کونسل پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ مقبول احمد بھی ہمراہ تھے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا اللہ رب العزت مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سراج الحق اور ان کے تمام خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔