• news

دھند گاڑیاں ٹکرا گئیں،2افراد فیصل آباد،2فیروزوالہ‘ میں جاں بحق21زخمی

فیروزوالہ‘ فیصل آباد‘ جڑانوالہ (نامہ نگار+  آئی این پی+ نمائندہ نوائے وقت) موٹر وے سیالکوٹ انٹر چینج، بلخے اور قائداعظم چوک کے قریب شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں دو گاڑیوں کے ڈرائیور جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ انٹر چینج بلخے، رانا ٹائون، کے قریب شاہ زور ڈالہ بے قابو ہو کر آگے جانے والے ٹرالہ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں شاہ زور ڈالے کا ڈرائیور 18سالہ رفاقت علی موقع پر ہلاک ہو گیا۔ حادثہ میں گاڑی تباہ ہو گئی۔ ریسکیو کے عملہ نے گاڑی کو کاٹ کر ڈرائیور کا باہر نکالا جو ہسپتال میں دم توڑگیا۔ قائداعظم انٹر چینج کے قریب ٹرک بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں ڈرائیور شبیر احمد ہلاک ہو گیا متوفی مانانوالہ کا رہنے والا تھا۔ جی ٹی روڈ پر رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم میں دو عورتوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ دیگر حادثات میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث گاڑیاں تباہ اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد میں  2 ٹریفک حادثات میں 2 شہری جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت  تشویشناک   ہے۔ رجانہ روڈ پر اڈا ٹوریانوالہ کے قریب دھند کے باعث چیچہ وطنی سے فیصل آباد آنے والی وین ٹرالی کے ساتھ ٹکرا گئی جس سے 1 شہری جاں بحق  10 زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لئے سمندری اور سول ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔ دوسراحادثہ ستیانہ روڈ اڈا 77 پر پیش آیا جہاں پر بس نے وین کو ٹکر مار دی جس سے ایک شہری سکندر حیات جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے جن کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن