گرنے سے سر میں چوٹ لگی، منی لانڈرنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے: زرداری
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 8.3 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں سابق صدر آصف زرداری نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔ دائر درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہاگیا ہے کہ خرابی طبیعت کے باعث 11اکتوبر دوہزار 20 کو کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل ہوا، 22 نومبر سے طبیعت کی ناسازی کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہوں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت 8 دسمبر کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے۔ درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آج درخواست پر سماعت کرناہے۔ رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کو گر گئے تھے جس کے باعث انہیں ہسپتال لایا گیا تھا آصف زرداری کو گرنے سے سر میں چوٹیں آئیں۔ سابق صدر کو گرنے کے بعد سر میں سوجن کی شکایت تھی اور سینے کے بائیں طرف درد کی شکایت بھی تھی۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق چلنے سے درد سینے سے بائیں بازو کی طرف بڑھ رہا تھا۔ آصف زرداری کو کمر کے نچلے حصے میں کھنچاؤ اور درد کی شکایت بھی تھی۔ رپورٹ کے مطابق تفصیلی معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ آصف زرداری کے آکسیپٹل میں خون جممع ہے۔ سابق صدر کانیورو آرتھوپیڈکل اسپائنل سرجن نے معائنہ کیا۔ سابق صدر کے دماغ کا سی ٹی سکین بھی کیا گیا۔ جس کی بنیاد پر انہیں مزید سفر کرنے سے منع کیا گیا ہے۔