غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنے والی کشمیری بہنیں واپس آگئیں
مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں غلطی سے ایل او سی عبور کرنے والی دو سگی بہنوں کو بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے حکام نے آزاد کشمیر انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے عباس پور سے تعلق رکھنے والی دونوں سگی بہنیں ثناء زبیر اور لائبہ زبیر اتوار کے روز غلطی سے راولاکوٹ سیکٹر سے ایل او سی عبور کر کے پونچھ پہنچ گئیں جہاں قابض حکام نے انہیں حراست میں لے لیا۔ حکومت پاکستان نے دونوں لڑکیوں کے معاملے کو بھارتی حکام کے ساتھ اٹھا کر ان کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر کی انتظامیہ نے تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ پر دونوں بہنوں کو آزاد کشمیر کی مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ آزاد کشمیر حکام نے دونوں بہنوں کے بیانات قلمبند کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔